عمران خان سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل

سپریم کورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ عمران خان کے ہمراہ ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور بہن ڈاکٹر عظمیٰ بھی موجود تھیں۔

ذرائع کے مطابق شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے آئی جی اسلام آباد بھی ہسپتال پہنچے، جبکہ ہسپتال کے باہر سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی تھی۔اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے ارد گرد موجود تھے جبکہ ہسپتال کے اطراف میں سیکیورٹی کلیئرنس کے مربوط انتظامات کئے گئے تھے۔ سڑک پر کھڑی گاڑیوں کو لفٹرز کے ذریعے فٹ پاتھ پر منتقل کردیا گیا تھا۔آئی جی اسلام آباد کے ہمراہ ڈی آئی جی سی ٹی او سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود رہے، جبکہ شفا انٹرنیشنل اسپتال سے ملحقہ سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کو شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے سے قبل ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔ 6 رکنی ڈاکٹروں کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا اور ان کی میڈیکل رپورٹس کا بھی جائزہ لیا۔عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل اور ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ بھی اس موقع پر اڈیالہ جیل میں موجود تھیں۔

عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے قبل اڈیالہ جیل اور اس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ پولیس نے اردگرد موجود تمام دکانیں بند کرادیں، جبکہ اندھیرے کے لیے اطراف میں نصب لائٹس بھی بند کردی گئیں۔اس کے علاوہ اسلام آباد پولیس اسکواڈ کی دو گاڑیاں بھی اڈیالہ جیل پہنچ گئیں۔

جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج اور طبی سہولیات کے لیے شفا انٹرنیشنل اسپتال کے مخصوص حصے کو سب جیل قرار دینے کے حوالے سے محکمہ جیل خانہ جات کو تاحال کوئی احکامات موصول نہیں ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی عمارت کو سب جیل قرار دینے اور وہاں عملہ تعینات کرنے کے لیے ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے احکامات ضروری ہوتے ہیں۔ تاہم ابھی تک محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کو اس حوالے سے کسی قسم کے احکامات موصول نہیں ہوئے اور نہ ہی اسے اس بارے میں کوئی معلومات ہیں۔

Back to top button