وزیراعظم سے شامی وزیرخارجہ کی ملاقات،عالمی امورپرتبادلہ خیال

وزیراعظم شہباز شریف سے شام کے وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
اعلامیےکے مطابق ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان اور شام کے درمیان تاریخی اور گہرے تعلقات کا تذکرہ کیا، وزیراعظم نے دو طرفہ سیاسی، دفاعی، تجارت، سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں عملی تعاون میں بدلنےکی ضرورت پر زور دیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں کی بحالی سے عوامی روابط میں اضافہ ہوگا، اس اقدام سے بڑی تعداد میں پاکستان سے شام جانےوالے زائرین کو بھی سہولت ملےگی۔
شہبازشریف نے شام کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئےکہا کہ پاکستان گولان کی پہاڑیوں کے معاملے پر شام کے مؤقف کی بھرپور حمایت کرےگا۔
اعلامیےکے مطابق وزیراعظم نے صدر احمد الشرع کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
شامی وزیر خارجہ نے صدر احمد الشرع کی جانب سے وزیراعظم کےلیے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا، شامی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو شام کی سیاسی صورتحال اور تعمیرِ نو کی کوششوں سے آگاہ کیا، شامی وزیر خارجہ نے گزشتہ برسوں کے دوران شام کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔
شامی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ شام کی حکومت پاکستان سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔
