لانگ مارچ ختم کرنے کی کنجی عمران خان کے پاس ہے: شوکت یوسفزئی

پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات و ترجمان شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کسی دباؤ کے تحت ختم نہیں ہوگا، مارچ ختم کرنے کی کنجی عمران خان کے پاس ہے،وفاقی حکومت گورنر راج کی دھمکیوں کے بجائے مذاکرات کا راستہ اختیار کرے۔
رہنما پی ٹی آئی شوکت یوسفزئی نے کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا نے کس حیثیت میں چیف سیکریٹری اور آئی جی کو اجلاس میں طلب کیا۔گورنر فیصل کنڈی اختیارات سے تجاوز کرچکے ہیں اور 18 ویں ترمیم کےبعد گورنر کے پاس اخروٹ توڑنے کا بھی اختیار نہیں۔
شوکت یوسفزئی نے کہا کہ وزیراعظم صرف میڈیا پر مذاکرات مذاکرات نہ کھیلیں،اگر ان کے پاس اختیارات ہیں تو اپوزیشن کےجائز مطالبات تسلیم کریں، گورنر راج کی دھمکی دینے والوں کی اپنی پرفارمنس زیرو ہے۔
انہوں نے واضح کیاکہ عمران خان سے ملاقات اور انہیں ہسپتال منتقل کرنے کے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔حکومت عمران خان کی بہنوں سمیت تمام اسیر خواتین کو رہا کرے۔
شوکت یوسفزئی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کےخلاف منفی پروپیگنڈے پر افسوس کا اظہار کرتےہوئے کہاکہ سہیل آفریدی محب وطن قبائلی نوجوان ہیں۔
مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں، ریاست کو یرغمال بنا کر کوئی مطالبہ نہیں منوایا جاسکتا: رانا ثناء
شوکت یوسفزئی نے کہاکہ دہشت گردی عوام کا مینڈیٹ چھیننے سے ختم نہیں ہوگی۔حکومت دہشت گردی کےخاتمے کےلیے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ جائے کیوں کہ مذاکرات سے ہی تمام مسائل حل ہوں گے۔
