حوثیوں کا سعودی عرب کے ائیرپورٹس اور ائیربیس پر حملوں کا دعویٰ

 

 

 

یمن کے حوثی ملیشیا نے سعودی عرب میں متعدد اہم تنصیبات کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، جب کہ سعودی فوجی اتحاد نے ریاض کی جانب فائر کیے گئے بیلسٹک میزائل کو تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

حوثی ملیشیا کے مطابق سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کو ڈرون سے نشانہ بنایا گیا، جب کہ ابہا ائیرپورٹ پر بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کیا گیا۔

حوثیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب کے خمیس مشیط میں ائیربیس کو بھی بیلسٹک میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب سعودی فوجی اتحاد نے دعویٰ کیا ہےکہ ریاض کے شمال میں حوثیوں کا داغا گیا بیلسٹک میزائل تباہ کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں سعودی فوجی اتحاد نے کہا تھاکہ یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی شہر ‘خمیس مشیط’ کی طرف فائر کیاگیا ایک بیلسٹک میزائل فضا ہی میں تباہ کیا۔

سعودی فوجی اتحاد کا کہنا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے میزائل حملوں کے خدشات یمن کے دارالحکومت صنعاء،صعدہ  اور عمران سے درپیش ہیں جو گروپ کے زیر کنٹرول ہیں۔

حوثیوں کی جانب سے عدن کے ہوائی اڈے پر دو میزائل فائر  کئے گئے جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

 

 

 

Back to top button