بے نظیر انکم سپورٹ کو روزگار سکیم میں بدلنے کی تجویز

وزیراعظم کے مشیر برائے امور داخلہ رانا ثنا اللہ نے تجویز دی ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ایک فعال روزگار سکیم میں تبدیل کر کے "بے نظیر روزگار اسکیم” بنایا جائے تاکہ مستحقین کو مالی امداد کے ساتھ ساتھ روزگار کے مواقع بھی میسر آئیں۔
ایک بیان میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ایک بہتر فلاحی منصوبہ ہے، لیکن اسے مزید مؤثر بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اسے روزگار سے منسلک کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی سطح پر ایسی تجاویز زیر غور ہیں اور اس پر صوبوں کی منظوری بھی لی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں سے اس حوالے سے مشاورت کی جا سکتی ہے، کیونکہ یہ ایک وفاقی نوعیت کا پروگرام ہے اور اگر کوئی متبادل یا بہتر ماڈل زیر غور ہے تو تمام اسٹیک ہولڈرز کی رائے لی جائے گی۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان اختلافات کو مثبت انداز میں دیکھنا چاہیے، اور بین الجماعتی مشاورت کے لیے پنجاب میں ایک مشترکہ کمیٹی بھی کام کر رہی ہے۔
حالیہ سیلابی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں آزادانہ سروے مکمل کیا گیا ہے اور حاصل شدہ ڈیٹا کی بنیاد پر متاثرین کی امداد کی جائے گی، جبکہ اس حوالے سے اقدامات صوبائی حکومت کی سطح پر کیے جائیں گے۔
