پی ٹی آئی نے اقبال آفریدی کوشوکازنوٹس جاری کردیا

پی ٹی آئی نے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کو پارٹی ڈسپلن کی مسلسل خلاف ورزی کرنے پر شو کاز نوٹس جاری کردیا ۔
تحریک انصاف کی جانب سے اقبال آفریدی کو جاری کئے گئےنوٹس میں پارٹی کے اراکین اسمبلی پر تشدد کی منصوبہ بندی اور ایک رکن پر حملے کا الزام عائد کیا گیا۔
جاری شوکاز نوٹس میں رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کو کہا گیا ہے کہ آپ پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ مسلسل بدتمیزی کر رہے ہیں، جس کیمرے میں ریکارڈ ہوگئی ہے، ٹی وی اور سوشل میڈیا پر فوٹیج بھی چلی ہیں۔
پارٹی کی جانب سے نوٹس میں اقبال آفریدی سے کہا گیا ہے کہ آپ نے اراکین اسمبلی کے ساتھ بدزبانی کی اور غیرمہذب الفاظ کا استعمال کیا۔
پی ٹی آئی نے بتایا کہ قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران آپ مسلسل پارلیمانی پارٹی کے فیصلوں کے خلاف عمل کرتے رہے ہیں، آپ کا توہین آمیز رویہ نہ صرف پارٹی کے اراکین قومی اسمبلی کے ساتھ ہے بلکہ قومی اسمبلی کے سینئر اور جونیئر عملے کے ساتھ بھی ہے۔
شوکاز نوٹس میں اقبال آفریدی سے کہا گیا ہے کہ 23 جون 2026 کو اڈیالہ جیل کے باہر پارٹی کے اراکین اسمبلی پر تشدد کا منصوبہ بنایا اور آپ کے ایک ساتھی نے رکن اسمبلی پر تشدد بھی کیا، تشدد میں آپ ذاتی طور پر ملوث تھے، اڈیالہ جیل کے باہر اراکین اسمبلی عمران خان کے مقصد کے لیے جمع ہوئے لیکن آپ کے اقدام نے اس کو براہ راست نقصان پہنچایا۔
