پی ٹی آئی کو وزیراعظم کی پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہیے،عرفان صدیقی

حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان اور ن لیگ کے سینیٹر عرفان صدیقی کاکہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے مذاکرات سے بھاگ کر اچھا موقع ضائع کیا،اب وزیراعظم کی پیش کش سےفائدہ اٹھائے۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے پی ٹی آئی کو مذاکرات چھوڑنے پر غیر سیاسی اور غیر جمہوری قرار دے دیا۔یک طرفہ طور پر مذاکراتی عمل سے نکل کر پی ٹی آئی نے نہ صرف غیر سیاسی اور غیر جمہوری سوچ کا مظاہرہ کیا بلکہ اپنے مطالبات کے حوالے سے ایک اچھا موقع بھی ضائع کر دیا ہے۔
عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی سے یہ گاڑی تو چھوٹ گئی ہے، اب انہیں وسیع تر مذاکرات کے لئے وزیر اعظم کی تازہ پیشکش سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔پی ٹی آئی کو جان لینا چاہیے کہ سڑکیں،چوک، دھرنے اور لانگ مارچ نہ اسے پہلے کسی منزل تک لے کر گئے ہیں نہ اب لے کر جائیں گے۔
حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان نےواضح کیا کہ ہر مسئلے کا حل صرف سنجیدہ اور بامعنی مذاکرات ہی سے نکلتا ہے،پی ٹی آئی جتنا جلدی یہ بات سمجھ لے اس کے لئے اتنا ہی اچھا ہوگا۔