15 نومبر کے بعدپنجاب میں بغیر گرین سٹیکر گاڑیاں بند کرنے کا فیصلہ

محکمہ ماحولیات پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ 15 نومبر کے بعد بغیر گرین اسٹیکر یا ایگزاسٹ ٹیسٹنگ سرٹیفکیٹ (ETS) والی گاڑیاں سڑکوں پر نہیں چل سکیں گی۔ ایسے تمام گاڑیوں کو قبضے میں لے لیا جائے گا۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ لاہور میں تمام گاڑیوں کے لیے ایگزاسٹ ٹیسٹنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔ محکمہ ماحولیات نے آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
ڈی جی ماحولیات کے مطابق، صرف وہی گاڑیاں سڑک پر چل سکیں گی جو ای پی اے (EPA) پنجاب کے معیار پر پورا اترتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ماحول دشمن گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی گئی ہے، جبکہ بغیر ای ٹی ایس سرٹیفکیٹ والی گاڑیوں کے خلاف ضبطگی اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
عمران حامد شیخ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی گاڑیوں کی ایگزاسٹ ٹیسٹنگ مکمل کرائیں، بصورت دیگر ان کی گاڑیاں ضبط کر لی جائیں گی۔ محکمہ ماحولیات نے لاہور سے آلودگی کے خلاف سخت مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
