خیبرپختونخوا : سونے کی کان کنی پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع

خیبرپختونخوا حکومت نے سونے کی کان کنی پر عائد پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، دفعہ 144 کے تحت سونے کی کان کنی پر عائد پابندی مزید ایک ماہ کے لیے برقرار رہے گی۔ اس پابندی کا اطلاق صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ اور ملحقہ علاقوں میں دریائے سندھ اور دریائے کابل کے کناروں پر ہوگا، جہاں غیر قانونی کان کنی کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ غیر قانونی کان کنی سے نہ صرف دریا کے کناروں کو نقصان پہنچ رہا ہے بلکہ اس سے امن و امان کے مسائل، مقامی تنازعات اور اسمگلنگ کے خدشات بھی پیدا ہو رہے ہیں۔

محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سونے کی غیر قانونی کان کنی میں استعمال ہونے والی مشینری، گاڑیاں اور دیگر آلات کو ضبط کرنے کے اختیارات استعمال کریں۔

Back to top button