قطرکاآبنائےہرمزپرٹول ٹیکس کی حمایت نہ کرنے کااعلان

قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر فیس عائد کرنے کے کسی بھی ایرانی منصوبے کی حمایت نہیں کرے گا۔
قطری وزیراعظم نے واضح کیا کہ دنیا تک رسائی کے اہم بحری راستے پر کسی ایک ملک کا کنٹرول قابل قبول نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان قائم ہاٹ لائن انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اس رابطہ نظام کا مقصد غلط فہمیوں، اشتعال انگیزی اور غیر مصدقہ اطلاعات کے باعث پیدا ہونے والے خطرات کو کم کرنا ہے۔
شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے خبردار کیا کہ بعض عناصر امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بحری جہاز کو خطرے یا دھمکی کا سامنا ہو تو اس کی تصدیق براہِ راست ایرانی حکام سے کی جانی چاہیے تاکہ کسی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔
قطری وزیراعظم نے کہا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز سے گزرنے پر فیس کے حوالے سے کوئی باضابطہ ماڈل پیش کرتا ہے تو اسے پہلے اپنے مؤقف اور دلائل واضح کرنا ہوں گے۔ اس کے بعد قطر اور دیگر متعلقہ ممالک اس تجویز کا جائزہ لیں گے۔
