ایران کومیزائل حملے کا بھرپورجواب دیاجائےگا،قطر

قطری وزارتِ خارجہ نے کہا کہ قطر کو ایران کی کھلی جارحیت کی نوعیت اور شدت کے مطابق جواب دینے کا پورا حق حاصل ہے۔

قطری وزارتِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الانصاری نے کہا کہ کہ ایران کو جواب بین الاقوامی ضوابط کے تحت دیا جائے گا۔

قطر نے ایران کی جانب سے العدید ایئر بیس کو نشانہ بنانے والے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نہ صرف ریاستِ قطر کی خودمختاری اور فضائی حدود کی خلاف ورزی قرار دیا بلکہ بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کے منشور کی بھی صریح پامالی قرار دیا ہے۔

قطری وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ قطری فضائی دفاعی نظام نے حملے کو بروقت ناکام بنایا اور تمام ایرانی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ وزارتِ دفاع کی جانب سے حملے کی مکمل تفصیلات پر مشتمل ایک علیحدہ رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ایسی اشتعال انگیز فوجی کارروائیوں کا تسلسل پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے اور یہ عالمی سطح پر بھی منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔

بیان میں تمام فریقین پر زور دیا گیا کہ وہ فوری طور پر عسکری کارروائیاں بند کریں اور سنجیدگی کے ساتھ مذاکرات اور سفارتکاری کی راہ اختیار کریں۔

مزید کہا گیا کہ قطر ان ابتدائی ممالک میں شامل رہا ہے جنہوں نے خطے میں اسرائیلی جارحیت کے بڑھتے ہوئے خدشات کی نشان دہی کی، اور ہمیشہ سفارتی ذرائع، پرامن بقائے باہمی، اور اشتعال انگیزی سے گریز کی پالیسی پر زور دیا ہے۔

قطری وزارتِ خارجہ نے ایک بار پھر دہراتے ہوئے کہا کہ موجودہ بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ بامعنی مکالمہ ہے، تاکہ خطے کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے اور عوام کو پائیدار امن میسر آ سکے۔

یہ امر بھی اہم ہے کہ ایئر بیس کو پہلے ہی حفاظتی تدابیر کے تحت خالی کرا لیا گیا تھا، اور اس دوران قطری و اتحادی افواج سمیت تمام اہلکار محفوظ رہے، حملے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

Back to top button