ایرانی حملے سے قطرکے شہریوں کوخطرہ نہیں، سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے کہا ہے کہ قطر میں امریکی ایئر بیس پر ایرانی میزائل حملے سے برادر ملک قطر اور اس کے شہریوں کو کوئی خطرہ نہیں تھا۔

کونسل کی جانب سے جاری سرکاری بیان میں کہا گیا کہ ایران نے یہ کارروائی اپنی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے جواب میں کی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا:

"جس نے تم پر حملہ کیا، اس پر ویسے ہی حملہ کرو۔”

اسی اصول کے تحت ایران کی مسلح افواج نے قطر کے دارالحکومت دوحا میں واقع امریکی العدید ایئر بیس کو نشانہ بنایا۔

بیان کے مطابق اس آپریشن میں اتنی ہی تعداد میں میزائل استعمال کیے گئے جتنے بم امریکا نے ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے استعمال کیے تھے۔

سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل نے دعویٰ کیا کہ ایرانی حملے میں جس ایئر بیس کو نشانہ بنایا گیا وہ رہائشی یا شہری علاقوں سے کافی دور واقع تھا، اور یہ حملہ مکمل طور پر فوجی ہدف تک محدود رہا۔

کونسل نے زور دیا کہ ایران قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ، تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو برقرار رکھنے اور مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

واضح رہے کہ ایران نے قطر میں امریکی العدید ایئر بیس پر 6 بیلسٹک میزائل فائر کیے تھے۔ قطری وزارتِ خارجہ کے مطابق، ان میں سے ایک میزائل کو قطر کے فضائی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا، اور حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

Back to top button