لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہوگیا ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان کیا۔

ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ میں نے لبنان کے نہایت معزز صدر جوزف عون اور اسرائیل کے وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ انتہائی شاندار گفتگو کی ہے۔

صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ان دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ اپنے ممالک کے درمیان امن کے حصول کے لیے وہ باضابطہ طور پر 10 روزہ جنگ بندی کا آغاز کریں گے،  جس کا نفاذ امریکی وقت کے مطابق شام 5 بجے ہوگا۔( یہ وقت پاکستان میں رات 2 بجے کا ہوگا)۔

امریکی صدر نے مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ منگل کو ان دونوں ممالک نے واشنگٹن ڈی سی میں 34 سال بعد پہلی مرتبہ ملاقات کی، جہاں ہمارے وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی موجود تھے۔

ٹرمپ نے بتایا کہ میں نے نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کو  ہدایت دی تھی کہ وہ اسرائیل اور لبنان کے ساتھ مل کر پائیدار امن کے قیام کے لیے کام کریں۔

 

Back to top button