صبور علی کی شادی نے سجل علی کی بربادی کنفرم کر دی

معروف اداکارہ صبور علی اور اداکار علی انصاری کی کراچی میں ہونے والی شادی کی تقریبات میں احد رضا میر کی عدم شرکت نے اداکارہ سجل علی کا گھر اجڑنے بارے افواہوں کو کنفرم کر دیا ہے۔ آصف رضا میر کے صاحبزادے احد رضا میر اپنی سالی صبور علی کی مایوں، مہندی، بارات اور ولیمہ سمیت کسی بھی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ ان تمام تقریبات میں سجل علی نے اکیلے شرکت کی اور لوگ بار بار احد رضا میر کی غیر حاضری پر سوال اٹھاتے رہے۔ احد اور سجل نے 2020 میں محبت کی شادی کی تھی لیکن اب پچھلے چار ماہ سے دونوں اکٹھے نظر نہیں آرہے اور علیحدہ علیحدہ رہائش پذیر ہیں۔ دونوں کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سجل علی اور احد میر کی ابھی صرف علیحدگی ہوئی ہے اور بات طلاق تک نہیں پہنچی۔ صبور کی شادی سے پہلے ایک انٹرویو کے دوران جب سجل سے احد رضا میر سے اختلافات بارے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا تھا کہ ایسی کوئی بات نہیں لیکن وہ اکٹھے اس لئے نظر نہیں آتے کہ ان دونوں نے شادی کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ وہ کچھ عرصہ کسی شوبز پروجیکٹ میں اکٹھے کام نہیں کریں گے۔ تاہم اب کہانی کھل چکی ہے چونکہ شوبز پروجیکٹ تو دور کی بات دونوں ایک ساتھ اکٹھے بھی نہیں رہ رہے۔ اوپر سے صبور علی کی شادی کی تقریبات میں احد کی عدم شرکت نے انکے سجل علی سے اختلافات بارے افواہوں کو کنفرم کر دیا ہے۔
دوسری جانب صبور کی شادی کی تقریبات اختتام کو پہنچ گئی ہیں، 10 جنوری کو ہونے والی ولیمے کی تقریب میں کئی اہم شوبز شخصیات سمیت قریبی رشتہ داوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اداکارہ صبور علی اور علی انصاری نے ولیمے کی تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز کو انسٹا گرام سٹوریز میں شیئر کیا، جنہیں بعد ازاں دیگر شوبز سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا، ولیمے کی تقریب کے دوران علی انصاری نے سیاہ رنگ کا لباس پہنا جبکہ صبور علی نے ہلکے ہرے رنگ کا لباس زیب تن کیا۔
ڈیانا کے عاشق کا رول ہمایوں کی بجائے فواد کو کیوں نہیں ملا؟
جہاں علی انصاری اور صبور علی ایک دوسرے کے قریب دکھائی دیئے، وہیں دونوں نے تفریح کے لیے منعقد سوال و جواب کے گیم میں بھی حصہ لیا، صبور علی کے چھوٹے بھائی علی سید کی جانب سے بہنوئی علی انصاری کی تعریفیں کرنے کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی۔ علی انصاری اور صبور علی کی شادی کی تقریبات کا آغاز 3 جنوری سے ہوا تھا اور دونوں کے مایوں کی تقریبات 5 جبکہ مہندی کی تقریبات 6 جنوری کو ہوئی تھیں، دونوں نے 7 جنوری کی سہ پہر کو نکاح کیا جبکہ 8 جنوری کو صبور علی کی رخصتی ہوئی اور 10 جنوری کو ولیمے کی تقریب ہوئی۔ لیکن احد رضا میر ان میں سے کسی بھی تقریب میں شامل نہیں ہوئے۔
نکاح اور رخصتی کے وقت صبور علی کے ’’آبدیدہ‘‘ ہونے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئی تھیں اور رخصتی کے موقع پر اداکارہ نے اپنی مرحوم والدہ کے لیے جذباتی پیغام بھی لکھا اور شادی کی ویڈیو بھی شیئر کی، صبور علی اور علی انصاری نے مئی 2021 میں منگنی کرتے ہوئے جلد شادی کا عندیہ دیا تھا اور گزشتہ ماہ دسمبر میں علی انصاری کی بہن مریم انصاری کی شادی کے وقت خبریں آئیں کہ اب صبور علی بھی شادی کریں گی۔