شیر افضل مروت پارٹی میں شامل نہیں، سلمان اکرم راجہ کا واضح مؤقف

تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے واضح الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ شیر افضل مروت پارٹی کا حصہ نہیں ہیں، یوں پارٹی کے اندر ان کی ممکنہ واپسی کی قیاس آرائیوں پر بظاہر ایک حد کھینچ دی گئی ہے۔
اس سے قبل ذرائع سے یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی اجلاس میں شیر افضل مروت کی پارٹی میں شمولیت کے معاملے پر مشاورت ہوئی، جہاں بعض ارکان نے ان کا مؤقف سننے کی حمایت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اسد قیصر اور شہریار آفریدی نے شیر افضل مروت کی حمایت میں مؤقف پیش کیا، جبکہ نثار جٹ نے بھی اس کی تائید کی۔ بعض ارکان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو شیر افضل مروت کی بات سننی چاہیے۔
شیر افضل مروت نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر پارٹی کے اندر سے ان کے خلاف بیانات آئیں گے تو وہ مجبوراً جواب دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں پارلیمانی پارٹی کی جانب سے خاموش رہنے کی درخواست کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی پارٹی شیر افضل مروت کے معاملے پر اپنا مؤقف بانی پی ٹی آئی کے سامنے پیش کرے گی۔
تاہم، سلمان اکرم راجہ کے دو ٹوک بیان نے اس معاملے کو نئی سمت دے دی ہے۔ ان کا کہنا تھا:
"شیر افضل مروت تحریک انصاف کا حصہ نہیں ہیں۔”
یہ بیان پارٹی کے اندرونی اختلافات اور قیادت کے فیصلوں کے حوالے سے ایک واضح پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
