ضمنی الیکشن کے بائیکاٹ سے پی ٹی آئی اپنا نقصان کرےگی : عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اگر ضمنی انتخابات کا بائیکاٹ کرتی ہے تو اس سے نقصان صرف پی ٹی آئی کو ہوگا۔

وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات ایک سنگین جرم تھے، جنہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔ نااہلیاں باقاعدہ ٹرائل اور شواہد کی بنیاد پر ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ محض کسی عہدے پر فائز ہونا کسی کو جرم سے بری الذمہ نہیں کرتا۔ 9 مئی کے جرم کی سزا ضرور ملے گی، عمر ایوب اور دیگر کی نااہلی انہی واقعات کی بنیاد پر ہوئی ہے۔

عطا تارڑ نے پی ٹی آئی کے اندرونی خلفشار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جماعت گروپ بندی کا شکار ہے۔ علی امین گنڈا پور اور جنید اکبر کا ایک گروپ ہے، جب کہ علیمہ خان اور شیر افضل مروت دوسرے گروپ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ جب کسی جماعت میں اس قدر دھڑے ہوں تو پالیسی میں واضحگی ممکن نہیں رہتی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کی غیر واضح حکمت عملی اور سٹریٹ پاور کی کمی کے باعث عوامی حمایت میں بھی کمی آئی ہے، اور ان کے تمام احتجاج ناکام رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ہر قومی موقع پر احتجاج کرتی ہے، چاہے وہ یوم استحصال ہو یا ایرانی صدر کا دورہ ہو۔

14 اگست کو احتجاج کے اعلان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی 15 اگست کو احتجاج کرے تاکہ بھارت کو مناسب پیغام دیا جا سکے۔

Back to top button