حکومت کا قانون پر عملداری اور انسانی آزادی پرمکمل یقین ہے
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان جمہوری اقدار،قانون پرعمل داری اورانسانی آزادی پرمکمل یقین رکھتی ہے۔
یورپین یونین کے ایشیااینڈ پیسیفک ڈیپارٹمنٹ کی ڈپٹی ایم ڈی پاؤلا پامپلونی (Ms Paola Pampaloni) سے وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جبری گمشدگی کے معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔
انہوں نے وفد کو بتایا کہ وزیراعظم پاکستان نے اس حساس معاملے کاپائیدارحل تلاش کرنے کی ہدایات جاری کررکھی ہیں،زیرحراست ملزمان پر تشدد،آئین پاکستان، تعزیرات پاکستان اوراسلامی تعلیمات کے برخلاف ہے۔
انکا کہنا تھا کسی بھی شخص پر تشدد انسانی حرمت اور تکریم کیخلاف ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں،غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور ٹریفیکنگ کے خلاف سخت انتظامی ایکشن لیے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا یورپی یونین پاکستان کا اہم ترین تجارتی شراکت ہے، یورپی یونین کاجی ایس پی پلس کاسٹیٹس پاکستان کے معاشی استحکام میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
کرم :سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ،3 جوان شہید
ملاقات کے دوران پاؤلاپامپلونی کا کہنا تھا کہ پاکستان، یورپی یونین کا اہم شراکت دار ملک ہے، تعمیری ڈائیلاگ جاری رکھیں گے،پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان سفارتی تعلقات کے ساٹھ سال مکمل ہونے پر بہت خوش ہیں۔
انہوں نے کہا یورپی یونین انسانی آزادی اورجمہوری اقدار سے متعلق قوانین میں اصلاحات کیلئے پاکستان سے مشاورت جاری رکھے گا،افغان شہریوں کے پرامن انخلا پر پاکستان کے انتہائی ممنون ہیں۔
اس موقع پر یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا اورایڈیشنل سیکرٹری برائے داخلہ مومن آغا اور دیگراعلی حکام بھی موجود تھے۔