آزاد فلسطینی ریاست کے بغیر اسرائیل سے تعلقات ممکن نہیں : سعودی عرب

سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ جب تک آزاد فلسطینی ریاست قائم نہیں ہوتی، اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کیے جائیں گے۔
اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین کے پُر امن حل اور دو ریاستی فارمولے کے نفاذ کےلیے منعقدہ اعلیٰ سطحی عالمی کانفرنس کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں سعودی عرب اور فرانس کی میزبانی میں متعدد عالمی رہنماؤں نے شرکت کی۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل نے زور دے کر کہا کہ اسرائیل-فلسطین تنازع کا حل صرف دو ریاستی فارمولے پر عمل درآمد سے ممکن ہے، اور یہی علاقائی استحکام کی بنیاد ہے۔ ان کے مطابق یہ کانفرنس اسی سمت میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے واضح کیا کہ خطے میں سلامتی، استحکام اور خوش حالی کا آغاز فلسطینیوں کو انصاف فراہم کرنے سے ہوتا ہے۔ فلسطینی عوام کو ان کا جائز حق دیا جانا چاہیے، جس میں 4 جون 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد ریاست کا قیام اور مشرقی بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنانا شامل ہے۔
پاکستان کا اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی ارادہ نہیں : اسحاق ڈار
سعودی وزیر خارجہ نے عرب انیشی ایٹو کو ایک منصفانہ اور اصولی حل کا فریم ورک قرار دیتے ہوئے غزہ میں جاری انسانی بحران کے فوری خاتمے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سعودی عرب اور فرانس نے عالمی بینک کے ذریعے فلسطینیوں کو 300 ملین ڈالر کی امداد کی فراہمی میں معاونت فراہم کی ہے۔
