پاکستان اور آذربائیجان کے مابین معاہدوں ،یاداشتوں پردستخط

آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔
پاکستان اور آذربائیجان نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہترین سیاسی تعلقات کو معاشی شراکت داری میں تبدیل کریں گے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بنیادی حق خود ارادیت ملنا چاہئے۔
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کے دورہ پاکستان کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
اس موقع پر مشترکہ پریس سٹیک کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آذربائیجان کے صدر اور ان کے وفد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آمد پر پاکستان کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، آذربائیجان پاکستان کا بہترین دوست اور حقیقی بھائی ہے۔
مخصوص نشستیں نہ بھی ملیں تو وفاقی حکومت قائم رہے گی
آذربائیجان کے صدر کے دورہ پاکستان کے موقع پر وفود کی سطح پر باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی بات چیت ہوئی، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے شعبہ کا حجم 100 ملین ڈالر ہے جو دونوں ممالک کے تعلقات کی عکاسی نہیں کرتا، دونوں ممالک نے باہمی مفاد کے شعبہ جات میں تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں، ہماری سوچ ایک، باہمی اور کثیر الجہتی تمام ایشوز پر دونوں ملکوں کا موقف یکساں رہا ہے، کاراباخ کے تنازعہ پر پاکستان ہمیشہ آذربائیجان کے ساتھ کھڑا رہا، اس مسئلہ پر آذربائیجان کی فتح انصاف اور فیئر پلے کی ایک مثال ہے، آذربائیجان نے تنازعہ کشمیر پر ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی جہاں لاکھوں کشمیری گذشتہ سات دہائیوں سے اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں، ترکیہ کی طرح آذربائیجان بھی پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج سے سات سال قبل جب آذربائیجان کے صدر نے پاکستان کا دورہ کیا تو اس وقت نواز شریف وزیراعظم تھے اور آج سات سال بعد ان کے دورہ پاکستان کے موقع پر میں بطور وزیراعظم ان کا استقبال کر رہا ہوں
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ پاکستان کے دورہ پر مدعو کرنے پر وہ وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، سات سال قبل جب میں نے پاکستان کا دورہ کیا تو اس وقت یہاں نواز شریف کی حکومت تھی، وہ نواز شریف کا دل سے احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بھائی چارہ ہمارے عوام کی امنگوں کا ترجمان ہے، آذربائیجان نے باکو سے اسلام آباد، کراچی اور لاہور کی براہ راست پروازیں شروع کی ہیں، آذربائیجان نے مسئلہ کشمیر سمیت علاقائی اور عالمی امور پر ہر فورم پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے جو پاکستان کے عوام کے ساتھ ہماری محبت کا اظہار ہے، اہم امور پر دونوں ممالک کا موقف یکساں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی قوانین کا احترام کرتے ہیں۔