شکارپور،،جعفر ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، 4 مسافر زخمی

گاؤں سلطان کوٹ کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکے کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کی چار بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔4مسافرزخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے ٹرین میں سوار چار مسافر زخمی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر طلب کرلیا گیا ہے جو متاثرہ ریلوے ٹریک سے شواہد جمع کر رہا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جاسکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد علاقے میں ٹرینوں کی آمد و رفت عارضی طور پر معطل کردی گئی ہے جبکہ مسافروں کو بسوں کے ذریعے منزل تک پہنچانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

ڈی ایس ریلوے کے مطابق متاثرہ ٹریک کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے، جس میں 8 سے 10 گھنٹے لگنے کا امکان ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شام 5 بجے سے پہلے اس ٹریک پر کسی ٹرین کی روانگی نہیں ہے۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی شکارپور سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دھماکے کی فوری تفتیش کی جائے اور ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو جلد گرفتار کیا جائے۔

Back to top button