بیت المقدس کے قریب فائرنگ، 5 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

مقبوضہ بیت المقدس کے مضافات میں بس اسٹاپ پر فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ کم از کم 7 شدید زخمی ہو گئے ہیں، جن میں ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی ایمبولینس سروس نے ہلاکتوں کی تصدیق کی جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں حملہ آور جوابی فائرنگ میں مارے گئے۔ جائے وقوعہ سے ہتھیار، گولیاں اور ایک چاقو بھی برآمد ہوا۔
تاحال فائرنگ کی ذمہ داری کسی تنظیم نے قبول نہیں کی، تاہم فلسطینی تنظیم حماس نے دو فلسطینی حملہ آوروں کو "مزاحمتی مجاہدین” قرار دیتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا، جبکہ اسلامی جہاد نے بھی حملے کی تعریف کی مگر ذمہ داری قبول نہیں کی۔
ایمرجنسی سروس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ایک 5 سالہ بچہ، پچاس سالہ خاتون اور تقریباً 30 سال کے 3 مرد شامل ہیں۔ مزید 11 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 6 کو گولیوں کے باعث تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق علاقے میں مزید نفری تعینات کر دی گئی ہے تاکہ مشتبہ افراد کی تلاش اور تفتیشی کارروائیاں کی جا سکیں۔
یہ واقعہ اس علاقے میں پیش آیا جسے اسرائیل نے 1967 کی جنگ میں قبضے میں لیا تھا، تاہم اقوامِ متحدہ اور بیشتر ممالک اس الحاق کو تسلیم نہیں کرتے۔
