سندھ کابجٹ2026-27 منظور،اپوزیشن کی ترامیم مسترد

سندھ اسمبلی نے آئندہ مالی سال 27-2026 کا بجٹ کثرت رائے سے منظور کر لیا۔اپوزیشن کی ترامیم مسترد کردی گئیں۔

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وزیراعظم اور وزرا ہوتے ہیں، اپوزیشن لیڈر نے صدر، چیئرمین سینیٹ اور گورنرز کو گِن لیا، وفاقی حکومت میں آپ ہیں پیپلزپارٹی نہیں۔ایم کیو ایم کو استعفے کےلیے نہیں کہہ رہے ۔۔ ہم کہہ رہے ہیں صوبے کیلئے آواز اٹھائیں۔

سندھ اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ماتحت ادارے سڑکیں بنانے کیلیے تیار نہیں ہیں، سندھ حکومت کے ماتحت تمام سڑکیں بہت بہتر بنی ہوئی ہیں، سندھ کے رورل علاقوں میں کچے راستوں پر پیور بلاکس لگا رہے ہیں۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں 97 ہزار ٹیچر بھرتی کیے گئے لیکن ایک بھی شکایت نہیں آئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ شکایت بھی نہیں ملی کہ کوئی سفارشی یا پیسوں پر پاس ہوا ہے، ٹیچروں کی جس طرح شفافیت سے بھرتی کی گئی اس کو سراہنا چاہیے۔

امن و امان کے حوالے سے شرجیل میمن نے کہا کہ آج الحمدللہ نہ صرف کراچی بلکہ کشمور اور شکارپور دیکھ لیں، لوگوں کو تحفظ حاصل ہے، پورے صوبے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے بہترین کام کر رہے ہیں، پہلے 100، 100 لوگ مغوی ہوتے تھے، لیکن آج ایک بھی مغوی نہیں ہے۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ شاہراہ بھٹو پر اپوزیشن ارکان سفر کرتے ہیں لیکن سامنے کبھی تعریف نہیں کرتے، ایم کیو ایم حیدر آباد کے رکن شاہراہ بھٹو سے سفر کرتے ہیں لیکن تعریف نہیں کرتے۔

 

Back to top button