لیونل میسی نےعالمی ریکارڈ نام کر لیا

ارجنٹینا کے سپر سٹار لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے ورلڈ کپ کی تاریخ میں مسلسل 7 میچز میں گول کرنے والے پہلے فٹبالر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

میسی نے اردن کے خلاف میچ کے 80ویں منٹ میں شاندار فری کک پر گول کرکے نہ صرف ارجنٹینا کی برتری 3-1 کر دی بلکہ نیا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔

اس کامیابی کے ساتھ میسی نے فرانس کے جسٹ فونٹین اور برازیل کے جائرزینہو کا مسلسل 6 ورلڈ کپ میچز میں گول کرنے کا تاریخی ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ جسٹ فونٹین نے 1958 جبکہ جائرزینہو نے 1970 کے ورلڈ کپ میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

میسی کا مسلسل گول کرنے کا سلسلہ قطر ورلڈ کپ 2022 میں آسٹریلیا کے خلاف پری کوارٹر فائنل سے شروع ہوا، جس کے بعد انہوں نے نیدرلینڈز، کروشیا اور فرانس کے خلاف بھی گول کرکے ارجنٹینا کو عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں بھی میسی شاندار فارم میں ہیں۔ وہ الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک اور آسٹریا کے خلاف دو گول کرنے کے بعد اب اردن کے خلاف بھی گول کر چکے ہیں۔

Back to top button