وزیر اعظم نے 7 فروری کوAPCطلب کرلی، عمران کو بھی دعوت

ملک کے سیاسی منظر نامے میں بڑی سیاسی پیش رفت سامنے آئی ، وزیراعظم شہباز شریف نے اہم قومی چیلنجز پر تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر بٹھانے کا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 7 فروری کو ‘کل جماعتی کانفرنس’ (اے پی سی) بلا لی ہے ، اور اس میں شرکت کیلئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو بھی دعوت دیدی ہے۔

آل پارٹیز کانفرنس اسلام آباد میں ہوگی، تمام قومی سیاسی قائدین کو اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی گئی ہے، وزیراعظم نے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو بھی اے پی سی میں بلا لیا۔

وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے سابق سپیکر قومی اسمبلی، پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک سے رابطہ کیا، ایاز صادق نے اسد قیصر اور پرویز خٹک کو وزیراعظم کی طرف سے عمران خان کو اے پی سی میں شرکت کی دعوت پہنچائی۔

وزیراعظم نے پشاور میں ہونے والی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے دو نمائندوں کو بھی شرکت کی دعوت دے دی، ایاز صادق نے اسد قیصر اور پرویز خٹک کو اپنی جماعت کے نامزد نمائندوں کے ناموں سے آگاہ کرنے کی درخواست کی۔گورنر ہاؤس میں ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں تمام سٹیک ہولڈرز، پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسر شریک ہوں گے، اجلاس میں 30 جنوری کو پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے پر غور ہوگا۔ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے، سی ٹی ڈی اور پولیس کی اپ گریڈیشن کے اقدامات پر بھی غور کیا جائے گا۔

Back to top button