سپریم کورٹ : 9 مئی مقدمات میں عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کل تک ملتوی

 

 

 

سپریم کورٹ نے عمران خان کی 9 مئی واقعات سے متعلق مقدمات میں ضمانت کی اپیلوں پر سماعت کل صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کر دی۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی،جس میں عمران خان کے وکیل سلمان صفدر،علیمہ خان اور معاون پراسکیوٹر عدالت میں موجود تھے۔

سماعت کے آغاز پر معاون پراسکیوٹر نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ سپیشل پراسکیوٹر ذوالفقار نقوی فوڈ پوائزننگ کے باعث آج پیش نہیں ہوسکتے، لہٰذا سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کردی جائے۔ تاہم چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ریمارکس دیے کہ ہم کل سماعت جاری رکھیں گے اور پھر دیکھیں گے۔

عمران خان کے وکیل سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیاکہ استغاثہ بار بار سماعت ملتوی کرواتا ہے،کم از کم ہمیں دلائل پیش کرنےکا موقع دیا جائے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہاکہ پہلے استغاثہ کو سننا ضروری ہے تاکہ یہ واضح ہوسکے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو کس بنیاد پر برقرار رکھا جاسکتا ہے۔

دوران سماعت عدالت نے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کو روسٹرم پر بات کرنے سے روک دیا اور کہاکہ ہم کسی فیملی ممبر کو عدالت میں بولنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

 

بعد ازاں عدالت عظمیٰ نے عمران خان کی 9 مئی اپیلوں پر سماعت کل ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردی۔

 

 

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!