ملک میں سیلاب اور بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 650 سے تجاوز کرگئی : این ڈی ایم اے

این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 650 سے بڑھ گئی ہے۔
شدید مون سون بارشوں کا سلسلہ ملک کے مختلف شہروں میں جاری ہے جس کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی ہے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کےمطابق 26 جون سے اب تک بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے باعث حادثات میں مجموعی طور پر 657 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 171 بچے، 94 خواتین اور 392 مرد شامل ہیں،جب کہ مختلف حادثات میں 920 افراد زخمی بھی ہوئے۔
این ڈی ایم اے کاکہنا ہےکہ بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ جانی نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا جہاں مختلف سانحات میں 373 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ متعدد افراد اب بھی لاپتا ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔
خیبرپختونخوا :بارشوں سے تباہی ، صوابی میں بادل پھٹنے سے 4 افراد جاں بحق
اعداد و شمار کےمطابق پنجاب میں 164، سندھ میں 28، بلوچستان میں 20، گلگت بلتستان میں 32، آزاد کشمیر میں 15 اور اسلام آباد میں 8 اموات رپورٹ ہوئیں۔
