شاہینوں نےدشمن کو سبق سکھادیا،دنیابھی یادرکھےگی،شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں دشمن کو ایسا خاموش کیا اور سبق سکھایا ہے کہ جسے  تاریخ کے ساتھ ساتھ دنیا بھی ہمیشہ یاد رکھے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ میں آج پاکستانیوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام اور مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ آپ نے دنیا پر یہ واضح کردیا ہے کہ پاکستانی ایک خوددار، باوقار اور غیرت مند قومی ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی تقریر کا آغاز قرآن پاک کی آیت سے شروع کیا، جس کا ترجمہ ہے کہ ’اللہ کو وہ لوگ پسند ہیں جو اس کی راہ میں صف بند ہوکر لڑتے ہیں جیسے کہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہوں۔‘

شہباز شریف نے کہا ہے کہ کوئی ہمیں چیلنج کرے تو سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاتے ہیں اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے دشمن پر غالب آجاتے ہیں، شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں دشمن کو ایسا خاموش کیا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔ہمارا وقار اور خودداری ہمیں جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، کوئی ہمیں چیلینج کرے تو ہم اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جاتے ہیں اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے دشمن پر غالب آتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ دنوں میں دشمن نے جو کچھ کیا وہ بزدلانہ اور شرمناک فعل تھا، یہ صریحاً کھلی جارحیت تھی جس کا ہماری دلیر اور بہادر فوج نے مؤثر اور بھرپور جواب دے کر عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب رقم کیا۔پہلگام واقعے کو بہانہ بنا کر بھارت نے پاکستان پر بلاجواز جنگ مسلط کی، ہم نے شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات پیش کش کی، اور تحمل کا مظاہرہ کیا، مگر اس نے ہماری سرحدوں کی حرمت کو پامال کرنے ناکام کوشش کی، ڈرون حملوں اور میزائلوں سے مساجد اور شہری آبادی کو نشانہ بنا کر ہمارے صبر کا امتحان لیا۔

شہبازشریف نے کہا کہ بھارت نے ہماری فوجی تنصیبات اور آبی ذخیروں کو بھی نشانہ بنانے کی ایک ناکام کوشش کی جس پر ہم نے فیصلہ کیا کہ دشمن کو اسی زبان میں جواب دیا جائے جسے وہ بہت اچھی طرح سمجھتا ہے، اور ہم نے واضح کردیا کہ جو ملاقات میز پر ہونی تھی اب میدان جنگ میں ہوگی۔ہمارے کڑیل اور سجیلے جوان لفظ ’ہار‘ سے واقف ہی نہیں ان کا مقابلہ کون کرسکتا ہے، ان شاہینوں نے چند ہی گھنٹوں میں دشمن کو ایسا خاموش کیا جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی، دشمن کے فوجی اڈے، اسلحے کے انبار اور ایئربیسز دیکھتے ہی دیکھتے سب کھنڈرات بن گئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پر اور اللہ کے فضل سے فیل ہوگئے، ہماری یہ کارروائی اس بوسیدہ نظریے کے خلاف تھی جو انسان دشمنی، جارحیت، مذہبی جنون اور تعصب پر قائم ہے، یہ ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے، ہم نے دشمن کے ساتھ وہی کیا جو ایک باوقار قوم کو ذیب دیتا ہے۔

وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا اللہ تعالیٰ نے اپنی کمال مہربانی سے آپ کو شاندار فتح سے نوازا ہے، الحمد للہ اس رب ذوالجلال کا جتنا بھی شکر ادا کریں وہ کم ہے۔میں اس تاریخی کامیابی پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، سپہ سالار بری فوج جنرل سید عاصم منیر، ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، اور اپنے ہر جوان اور ہر افسر کو خراج تحسین اور سلام پیش کرتا ہوں۔

شہبازشریف نے کہا کہ میں جنرل سید عاصم منیر کا اپنی اور پوری قوم کی طرف سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں، کہ جن کی دانشمندانہ اور دلیرانہ قیادت میں یہ عظیم معرکہ سر ہوا، اس کے ساتھ ساتھ میں چیف آف ایئراسٹاف ظہیربابر اور ان کے شاہینوں کو بڑی گرم جوشی سے شاباش دیتا ہوں جنہوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کردیے ہیں۔

Back to top button