ایران امریکا معاہدہ عالمی معیشت کیلئےمثبت پیشرفت ہے،محمداورنگزیب

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کا اعلان پاکستان کے لیے باعثِ فخر اور عالمی معیشت کے لیے ایک اہم مثبت پیشرفت ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منعقدہ تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ امریکی اور ایرانی قیادت کا وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت پر اعتماد اس تاریخی پیشرفت میں اہم عنصر رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلسل، مخلصانہ اور انتھک ثالثی کوششوں نے معاہدے کو حتمی مرحلے تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیر خزانہ کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے اعلان سے نہ صرف خطے بلکہ پاکستان کے لیے بھی مثبت معاشی امکانات پیدا ہوئے ہیں۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران پاکستان نے تنازع کے ابتدائی معاشی اثرات کو مؤثر انداز میں سنبھالا، جبکہ امن معاہدہ ممکنہ ثانوی معاشی اثرات کے خدشات کو بھی کم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پیشرفت کے بعد آئندہ مالی سال کے لیے معاشی منظرنامہ مزید بہتر ہوا ہے۔

وزیر خزانہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کی مضبوط کارکردگی اور سرمایہ کاروں، خصوصاً نوجوانوں کی بڑھتی ہوئی شمولیت کو معیشت پر اعتماد کا مظہر قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران ملک میں 11 آئی پی اوز ہوئے، جو قریباً 2 دہائیوں کی بلند ترین سطح ہے۔

انہوں نے کہا کہ سروس لانگ مارچ ٹائرز کی لسٹنگ پاکستان کی سرمایہ منڈیوں اور صنعتی ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔ ان کے بقول یہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک کامیاب مشترکہ صنعتی منصوبہ ہے جو عالمی وبا کے دوران ریکارڈ مدت میں مکمل ہوا اور چینی سرمایہ کاری و مہارت کی نمایاں مثال بن کر سامنے آیا۔

 

 

 

Back to top button