وزیراعظم کاسیلاب کے معاشی اثرات کو آئی ایم ایف جائزے میں شامل کرنے کا مطالبہ

 وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کی معیشت پر حالیہ سیلابوں کے اثرات کو جاری مالیاتی جائزے میں شامل کیا جائے۔

یہ مطالبہ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس کے موقع پر آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ آئی ایم ایف کی دیرینہ شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ فنڈ کی جانب سے بروقت مالی معاونت اور تعاون لائقِ تحسین ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام کے اہداف کی تکمیل میں ہونے والی پیشرفت پر بھی روشنی ڈالی، اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان حالیہ موسمیاتی آفات، خصوصاً سیلابوں کے معاشی اثرات سے نمٹ رہا ہے، جنہیں آئی ایم ایف کے جائزے میں مدنظر رکھا جانا چاہیے۔

دوسری جانب، کرسٹالینا جارجیوا نے سیلاب متاثرین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے نقصانات کا درست تخمینہ لگانا بے حد ضروری ہے۔

آئی ایم ایف چیف نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے میکرواکنامک استحکام کی پالیسیوں پر عمل درآمد کے عزم کو بھی سراہا۔

Back to top button