کافی پینے والوں کی جسمانی چربی کم ہونے کا امکان

ایک نئی تحقیق میں کافی کے استعمال اور جسمانی چربی، پٹھوں اور میٹابولزم کے درمیان تعلق سامنے آیا ہے۔
فن لینڈ کی یونیورسٹی آف اولو کی تحقیق میں 46 سال کی عمر کے 2264 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تاکہ کافی پینے کے جسمانی صحت پر ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔
محققین نے شرکا کو روزانہ کافی کے استعمال کی بنیاد پر چار گروپوں میں تقسیم کیا، جن میں کافی نہ پینے والے اور روزانہ ایک سے پانچ یا اس سے زیادہ کپ پینے والے افراد شامل تھے۔
نتائج کے مطابق زیادہ کافی پینے والے افراد میں مجموعی جسمانی چربی اور جسمانی چربی کا تناسب نسبتاً کم پایا گیا۔ ان افراد میں اندرونی اعضا کے گرد جمع ہونے والی چربی بھی کم تھی جبکہ ان کے جسم میں اسکیلیٹل مسلز کی مقدار زیادہ دیکھی گئی۔
تاہم، مختلف گروپوں کے باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی)، کمر کے گھیر اور کمر و کولہوں کے تناسب میں نمایاں فرق نہیں ملا۔
