یوگنڈا میں لاشیں کھانے والا انسان نما حیوان گرفتار

یوگنڈا میں 15 سال کے دوران 38 افراد کو قتل کرکے ان کی لاشیں کھانے کے الزامات کا سامنا کرنے والے سیریل کلر کو گرفتار کرلیا گیا۔

برطانوی اخبار دی سن کے مطابق ملزم مجوریزی موسیٰ پر الزام ہے کہ اس نے 2010 سے 2025 کے دوران یوگنڈا کے اضلاع ماساکا، ایبانڈا اور کازو میں متعدد افراد کو قتل کیا اور ان کی باقیات کھائیں۔

یوگنڈا کی دفاعی افواج کے سربراہ جنرل موہوزی کینیرُوگابا نے ملزم کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہوئے اسے ملک کی تاریخ کا بدترین قاتل اور آدم خور قرار دیا۔

ملزم پر الزام ہے کہ وہ ساتھیوں کی مدد سے گھروں میں داخل ہوتا اور اہل خانہ کو تیز دھار ہتھیاروں سے قتل کرتا تھا۔ بعض افراد کو مبینہ طور پر جعلی تعلقات کے ذریعے پھنسایا گیا جس کے بعد انہیں قتل کردیا گیا۔

تحقیقات کے مطابق ایک واقعے میں ملزم اور اس کے ساتھیوں پر پینٹی کوسٹل پادری اسٹیون موگامبے اور ان کے پورے خاندان کو قتل کرنے کا الزام بھی ہے۔

Back to top button