جنگ کا آغاز ٹرمپ نے کیا، ختم ہم کریں گے ، ترجمان خاتم الانبیا یونٹ

ایرانی مسلح افواج کے خصوصی یونٹ خاتم الانبیا کے ترجمان کرنل ابراہیم ذوالفقاری نے کہا ہے کہ ایران کی تین اہم جوہری تنصیبات پر امریکی بمباری کے بعد امریکا کو شدید اور طاقت ور جوابی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ "جنگ کا آغاز ٹرمپ نے کیا، لیکن اسے ختم ہم کریں گے۔”

ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق کرنل ذوالفقاری نے الزام لگایا کہ یہ حملے اسرائیل کے ذریعے امریکا نے کروائے، جو ایران کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے اس اقدام کو "دم توڑتی صہیونی حکومت کو وقتی سہارا دینے کی کوشش” قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ ایران کے لیے جوابی کارروائیوں کے جواز اور اہداف کے دائرے کو مزید وسعت دیتا ہے۔ کرنل ذوالفقاری نے کہا کہ "امریکا براہ راست ایران کے خلاف جنگ میں داخل ہو چکا ہے، اور اسے سخت ردعمل کے لیے تیار رہنا چاہیے۔”

سفارتی دروازے بند، ایران کا اقوام متحدہ کو پیغام

 

انہوں نے قرآن کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: "اللہ کا حکم ہے کہ دشمن کے مقابلے کے لیے جو ہو سکے، تیاری کرو۔”

امریکا اپنے مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، اور اس کے اقدامات نے خطے میں وسیع جنگ کی راہ ہموار کر دی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ "ایران کے مجاہدین دشمن کے لیے حیران کن جوابی کارروائیاں کریں گے۔”

واضح رہے کہ خاتم الانبیا ایرانی افواج کا ایک خودمختار اور خصوصی یونٹ ہے، جو براہِ راست جنرل اسٹاف کے ماتحت ہے اور پاسدارانِ انقلاب (IRGC) سے علیحدہ طور پر کام کرتا ہے۔

Back to top button