وزیراعظم سے یو اے ای کے وفد کی ملاقات،مفاہمتی یادداشت پر دستخط

وزیراعظم شہباز شریف  سےمتحدہ عرب امارات کے اعلی سطح کے وفد  کی ملاقات ، مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔

وفد میں پاکستان میں عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعابی اور گورنمنٹ نالج ایکسچینج آفس کے عبداللہ البلوکی اور ابراہیم العلی، عبداللہ نصر لوتاہ، نائب وزیر برائے کیبینٹ افیئرز فار کمپیٹیٹونس شامل تھے۔

 شہبازشریف نےگزشتہ ابو ظہبی کے دورہ میں متحددہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ یہ ملاقات انتہائی نتیجہ خیز رہی، پاک بھارت تنازع میں متحدہ عرب امارات نے پاک بھارت تناؤ میں کمی میں اپنا اہم کردار ادا کیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان نے اپنے انتظامی ڈھانچے کو بہتر کرنے کے لیے ڈیجیٹائزیشن اور پیپر لیس اکانومی جیسے اقدامات لیے ہیں، اس کے علاوہ فیس لیس کسٹم سسٹم بھی نافذ کیا گیا ہے۔ گڈ گورننس کے حصول کے لیے حکومت پاکستان متحدہ عرب امارات کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہے تاکہ ان اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔

شہباز شریف نے کہاکہ ڈیٹا کی بنیاد پر فیصلہ سازی میں بہتری لانے کے لیے مؤثر اقدامات لیے جارہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات نے جدید مینیجمنٹ کے نظام سے اپنے ملک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کر دیا ہے، اور پاکستان متحدہ عرب امارات کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر عبداللہ نصر نے کہاکہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار کو سراہا۔

Back to top button