ایران کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے،نوازشریف

سابق وزیراعظم نواز شریف کاایران کی بھرپورحمایت کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے سنگین زیادتی کی ہے، ہم ایسے وقت میں ایران کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
لندن میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ پاکستان کی خوش نصیبی ہے کہ وہ آج ایک ایٹمی ملک ہے۔ ہم نے یہ ایٹمی ہتھیار جنگ کے لیے نہیں بلکہ امن کے لیے بنائے، یہ ہماری خودمختاری، وقار اور تحفظ کی ضمانت ہیں۔ دفاعی طاقت کے باوجود پاکستان کو امن، استحکام اور علاقائی ہم آہنگی کا داعی رہنا چاہیے، نہ کہ کسی تنازعے کو ہوا دینے والا ملک بننا چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف کاکہنا تھا کہ شہباز شریف اور مریم نواز نیک نیتی سے کام کر رہے ہیں۔ ملک اب ان مشکلات سے باہر نکلتا دکھائی دے رہا ہے، جہاں پہلے صرف تنزلی تھی۔ پنجاب میں تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں میں مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں اور موجودہ حکومت کو مکمل موقع دیا جانا چاہیے۔