پریانکا چوپڑا بھی شرمین عبید کی معترف نکلیں

بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ پریانکا چوپڑا نے ہالی ووڈ فلم ’’سٹار وارز‘‘ میں ہدایتکاری کی ذمہ داریاں ملنے پر پاکستانی معروف ہدایتکارہ شرمین عبید چنائے کو مبارکباد دی ہے۔
اداکارہ نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ کی سٹوری پر شرمین عبید کی تصویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ پہلی خاتون اور غیر سفید فام فلم ’اسٹار وار‘ ڈائریکٹ کریں گی اور وہ جنوبی ایشیائی خاتون ہیں، پریانکا چوپڑا نے اسے تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ میری دوست، مجھے تم پر فخر ہے۔
یاد رہے کہ ہالی وڈ پروڈکشن کمپنی لوکس فلم نے معروف سیریز ’اسٹار وارز‘ کی تین نئی ایکشن فلموں کا اعلان کیا ہے جس میں سے ایک شرمین عبید چنائے ڈائریکٹ کریں گی، یہ اعلان گزشتہ ہفتے لندن میں ’اسٹار وارز سلیبریشن‘ کے دوران کیا گیا جس میں شرمین عبید نے بھی شرکت کی اور بتایا کہ وہ اصل زندگی کے ہیروز سے متاثرہ ہیں۔
44 سالہ شرمین عبید ماضی میں’سیونگ فیس’ اور ’اے گرل اِن دی ریور‘ کے لیے دو آسکر ایوارڈز جیت چکی ہیں جبکہ انہیں ایمی ایوارڈز کے ساتھ ساتھ پاکستانی اعزاز ہلال امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے، شرمین عبید نے فلم اسٹار وارز کو ڈائریکٹ کرنے کی خبر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی پوسٹ کی جس پر پاکستانی اداکاروں نے بھی مبارک باد دی۔
ماہرہ خان نے لکھا کہ ماشااللہ مبارک ہو! جبکہ مہوش حیات نے لکھا کہ مبارک ہو شرمین، آپ اپنے شاندار کارناموں سے پورے ملک آپ پر فخر ہے، میں اس جادو کو دیکھنے کا انتظار نہیں کر سکتی جو آپ اسٹاروارز فرنچائز میں لائیں گی، اس کے علاوہ وجاہت رؤف اور عدنان ملک نے بھی شرمین عبید کو مبارک باد دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ سٹاروار کی اس فلم میں اداکارہ ڈیزی رڈلی کے کردار ’رے‘ کی واپسی ہوگی جو آخری بار 2019 میں ’دی رائز آف سکائی واکر‘ میں نظر آیا تھا، 44 سالہ شرمین عبید ماضی میں’سیونگ فیس‘ اور ’اے گرل اِن دی ریور‘ کے لیے دو آسکر ایوارڈز جیت چکی ہیں جبکہ انھیں ایمی ایوارڈز کے ساتھ پاکستانی اعزاز ہلال امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
اتنے سارے ایوارڈز جیتنے کے باوجود شرمین عبید چنائے کے لیے خود بھی یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ڈزنی نے اپنی مشہور فلم کے لیے ان کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں شرمین کا کہنا تھا کہ دنیا کو مزید ہیروز کی ضرورت ہے! میں نے اپنی زندگی اصل ہیروز سے ملاقاتیں کرتے ہوئے گزاری۔ یہ وہ لوگ تھے جو ظالم معاشروں میں تمام رکاوٹوں سے لڑے، میرے لیے سٹار وارز کی بھی یہی کہانی ہے۔
