اداکارہ یشماگل کب اور کس سے شادی کرینگی؟

ڈراموں میں اپنی بہترین اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں گھر کرنے والی اداکارہ یشما گل نے کہا ہے کہ مجھے شادی کی جلدی نہیں، جب کوئی پسند آئے گا تو فوری شادی کر لوں گی۔
اداکارہ یشما گل نے ایک پوڈ کاسٹ میں شرکت کی جس میں انہوں نے اپنی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات چیت کی، ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا ایک وقت تھا جب وہ شدید ڈپریشن کا شکار ہو گئی تھیں، یہ وہی وقت تھا جب انہوں نے اپنے دین کو مزید گہرائی میں جانا اور اپنے ایمان کو مزید مضبوط اور مستحکم بنایا۔
یشما گل نے شادی اور کرش کے حوالے سے کئے گئے سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کی عمر 29 برس ہو چکی ہے اور انہیں ابھی تک کوئی شخص پسند کے مطابق نہیں ملا، اپنی والدہ سے ہونے والی گفتگو سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ میری والدہ اکثر مجھ سے کہتی ہیں کہ اب تم 29 سال کی ہو گئی ہو، تم شادی کب کرو گی، انڈسٹری میں سے کسی کو ڈھونڈ لو جس پر میرا انہیں یہ ہی جواب ہوتا ہے کہ جب کوئی پسند آجائے گا تو فوراً کرلوں گی۔
اداکارہ نے کہا کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری میں کسی پر کرش نہیں ہے البتہ اداکار فیروز خان کی شخصیت سے متاثر ہوں، محبت کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ خود مختار عورت کو زندگی میں کسی ساتھی کی ضرورت نہیں ہوتی، کسی کا ساتھ زندگی میں بہت ضروری ہے، محبت ایک احساس ہے جس کا وجود بغیر کسی وجہ کے ہونا چاہئے، محبت غیر مشروط ہونی چاہئے۔
ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ وہ پاکستان بالخصوص کراچی کے علاوہ دنیا میں کسی اور جگہ رہائش اختیار نہیں کر سکتیں کیونکہ جو اپنائیت یہاں ہے وہ کہیں اور نہیں، میں نے آسٹریلیا میں چار سال تک ڈگری حاصل کی، میں وہاں آسانی سے سیٹل ہو سکتی تھی، میرے والدین نے مجھے وہاں مستقبل بنانے پر مجبور کیا لیکن میں نے ان سے کہا میں یہاں ایک منٹ بھی نہیں رہ سکتی۔
واضح رہے کہ اداکارہ یشما گل ایک انتہائی ذہین اور خوبصورت پاکستانی ماڈل اور اداکارہ ہیں، ان کا ڈرامہ ’ پیار کے صدقے ‘ بہت مشہور ہوا اور انہوں نے اپنے ڈرامے سے کافی شہرت حاصل کی۔
