ویمنزایشیاکپ،ہانگ کانگ کوشکست ،پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا

ویمنز ایشیا کپ کے گروپ اے کے اہم میچ میں پاکستان نے ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے، جواب میں ہانگ کانگ کی پوری ٹیم 19 اوورز میں 71 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

دبئی میں کھیلے گئے میچ میں ہانگ کانگ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز زیادہ اچھا نہ رہا اور 23 کے مجموعی سکور پر منیبہ علی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں، جبکہ 33 کے سکور پر گل فیروزہ بھی صرف 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔

اس کے بعد شوال ذوالفقار اور عائشہ ظفر نے اننگز کو سنبھالا اور سکور کو 80 رنز تک پہنچایا۔ عائشہ ظفر نے 19 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 26 رنز بنائے، تاہم وہ 80 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوگئیں۔

شوال ذوالفقار نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 35 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ 92 کے مجموعی سکور پر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد صدف شمس 5، ایمان فاطمہ ایک اور امِ ہانی ایک رن بنا کر جلد پویلین لوٹ گئیں۔

کپتان فاطمہ ثنا نے مشکل مرحلے پر ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 24 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے شامل تھے۔ طوبا حسن نے بھی 13 گیندوں پر 14 رنز کی مختصر لیکن کارآمد اننگز کھیلی۔ آخر میں فاطمہ ثنا اور نشرا سندھو نے ٹیم کو 143 رنز تک پہنچایا۔ نشرا سندھو 3 رنز پر ناٹ آؤٹ رہیں۔

ہانگ کانگ کی جانب سے جویلین کور سب سے کامیاب گیند باز رہیں جنہوں نے 4 اوورز میں صرف 19 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اقراء سحر اور کیری چان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

144رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی بیٹنگ مکمل طور پر ناکام رہی۔ ہانگ کانگ نے صرف ایک رن پر اپنی ابتدائی 2 وکٹیں گنوا دیں۔ ماریکو ہل بغیر کوئی رن بنائے فاطمہ ثنا کا شکار بنیں، جبکہ کپتان نتاشا مائلز بھی ایک رن بنا کر سعدیہ اقبال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئیں۔

یاسمین داسوانی نے 13 رنز بنا کر مزاحمت کی، تاہم وہ 32 کے مجموعی اسکور پر نشرا سندھو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئیں۔ اس کے بعد ہانگ کانگ کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

کیری چان نے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے اور 47 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چوکے لگائے، لیکن وہ بھی ٹیم کو مشکلات سے نہ نکال سکیں۔ مرینا لیمپلو 2، مریم بی بی 2، شانزین شہزاد صفر، علیسن سیو صفر اور اقراء سحر صفر پر آؤٹ ہوئیں۔

 

ہانگ کانگ کی جانب سے جویلین کور نے 10، جبکہ رچیتا وینکٹیش نے 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، تاہم پوری ٹیم 19 اوورز میں 71 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان نے میچ 72 رنز سے اپنے نام کرلیا۔

پاکستان کی جانب سے نشرا سندھو نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ فاطمہ ثنا، سعدیہ اقبال، امِ ہانی اور عائشہ ظفر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

نشرا سندھو کی شاندار باؤلنگ نے ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ ہانگ کانگ کی آخری 7 وکٹیں محض 39 رنز کے اضافے پر گر گئیں، بہترین کارکردگی پر نشرا سدھو کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Back to top button