ورلڈ بینک کی پاکستان کیلئے 37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری

ورلڈ بینک نے پاکستان کے توانائی کے شعبے کی بہتری کے لیے 37 کروڑ 59 لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
ورلڈ بینک کے اعلامیے کے مطابق یہ مالی معاونت 10 سالہ توانائی پروگرام کے پہلے مرحلے کے لیے فراہم کی جائے گی، جس کا مقصد بجلی کی ترسیل کے نظام کو جدید اور مؤثر بنانا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اس رقم سے قومی پاور گرڈ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ شروع کیا جائے گا، جس سے بجلی کی ترسیل میں بہتری، نظام کے استحکام اور لوڈشیڈنگ میں کمی لانے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
ورلڈ بینک کے مطابق منصوبے کے تحت مزید 640 میگاواٹ ونڈ پاور قومی گرڈ میں شامل کی جائے گی، جس سے قابلِ تجدید توانائی کے فروغ، بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی اور صارفین کو بہتر بجلی کی فراہمی میں معاونت ملے گی۔
اعلامیے کے مطابق پروگرام کے ذریعے پاکستان کے بجلی کے نظام کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے مقابلے میں زیادہ مضبوط اور محفوظ بنایا جائے گا، جبکہ منصوبے سے ہر سال تقریباً 8 لاکھ 32 ہزار ٹن کاربن اخراج میں کمی آنے کی توقع ہے۔
علیمہ خان کا سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا اعلان
ورلڈ بینک کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ حکومت کی پاور سیکٹر اصلاحات کو تقویت دینے کے ساتھ ساتھ بجلی کی ترسیل کے نظام کو مزید مستحکم کرے گا اور ملک میں قابلِ تجدید توانائی کے استعمال کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
