علیمہ خان کا سٹریٹ موومنٹ شروع کرنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج ختم نہیں ہوا، بلکہ اب تحریک کو سٹریٹ موومنٹ کی صورت میں آگے بڑھایا جائے گا۔
عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ان کا مقصد صرف اپنے بھائی سے ملاقات نہیں بلکہ ان کے حقوق کی بحالی ہے۔ ان کے بقول، عمران خان انسانی حقوق، جمہوریت اور انصاف پر عائد پابندیوں کی علامت بن چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتدا میں بار بار وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، لیکن اب ان کے بقول ٹرائل سے گریز کیا جا رہا ہے۔ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ انہیں آج صبح عدالت طلب کیا گیا، تاہم وہاں پہنچنے سے قبل ہی 11 اگست کی نئی تاریخ مقرر کر دی گئی، جو ان کے مطابق غیر معمولی اقدام ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عدالتی تاریخیں ’’اوپر سے آنے والے احکامات‘‘ کے مطابق دی جا رہی ہیں۔
علیمہ خان نے کہا کہ ماضی میں وارنٹ گرفتاری، بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے اور شناختی کارڈ بلاک کرنے جیسے معاملات میں فوری سماعت ہوتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سزا دینی ہے تو فیصلہ کر دیا جائے اور اگر کیس میں شواہد موجود نہیں تو بری کر دیا جائے، لیکن مقدمے کو غیر یقینی صورتحال میں نہ رکھا جائے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے عوام کو گمراہ کیا گیا۔ جب تک ججز آزاد نہیں ہوں گے، میرٹ پر فیصلے ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی جماعت ٹرائل مکمل کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے، جبکہ ان کے بقول مخالف فریق خود مقدمے کو آگے بڑھانے سے گریز کر رہا ہے۔
امریکا، ایران تنازع: پاکستان، قطر اور سعودیہ کی سفارتی کوششیں تیز
علیمہ خان نے پنجاب حکومت کو ’’فارم 47 کی حکومت‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا خوف ختم ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی دونوں بہنوں کے ساتھ اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہیں گی اور احتجاجی تحریک کو گلی گلی تک لے جائیں گی۔
