عمران اور بشریٰ جنرل باجوہ کو ماموں کیوں کہتے تھے؟

سینئر صحافی اور کالم نگار جاوید چودھری نے کہا ہے تحریک انصاف کے سربراہ کی گرفتاری کے وقت ان کے گھر سے برآمد ہونے والی ڈائری دیکھ کر انکشاف ہوا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ’’کوڈ ورڈز‘‘ میں ماموں کہا کرتے تھے ، یہ ڈائری یہ ثابت کرتی ہے یہ ملک ساڑھے تین سال عمران خان کی بجائے بشریٰ بی بی چلاتی رہیں یا پھر ان کے موکلات . ملک کا وزیر اعظم اگر سرکاری راز اپنی اہلیہ کے ساتھ ڈسکس کرتا رہا تو یہ ناقابل برداشت اور خوف ناک تھا‘ بارہ کروڑ لوگوں کے صوبے پنجاب اور 25 کروڑ عوام کے ملک پاکستان نے اس کی کتنی قیمت ادا کی اب پوری دنیا جانتی ہے۔ ڈائری ملاحظہ کرنے کا دعوی کرنے والے جاوید چودھری اپنی ایک تحریر میں بتاتے ہیں کہ ڈائری کو دیکھ یوں محسوس ہورہا تھا ڈائری پولیس کی آمد کے بعد پھاڑنے کی کوشش کی گئی لیکن وقت کی کمی کے باعث اسے مکمل طور پر تلف نہیں کیا جا سکا اور یہ 12 جولائی سے یکم جنوری تک الٹی سمت میں سلامت رہ گئی۔ بارہ جولائی کے صفحے پر ایک دو جگہ ماموں اور نیوٹرل لکھا ہوا تھا‘ عمران خان اور بشریٰ بی بی جنرل باجوہ کو ’’کوڈ ورڈز‘‘ میں ماموں کہا کرتے تھے لہٰذا یہ جنرل باجوہ کے بارے میں ہدایت تھی‘ اسی صفحے پر دو پن کوڈز یا فگرز لکھی ہوئی تھیں‘ یہ 171196 اور 111790 تھیں‘ ساتھ ہی اوپر سے نیچے کی طرف 41 پھر 30 پھر 60 اور پھر 30 لکھا تھا‘ یہ کوڈ ورڈز تھے یا پھر کسی لاکر یا اکائونٹ کے پن کوڈز تھے‘ ساتھ ہی جلسے کی سرخی تھی اور اس کے نیچے لکھا تھا‘ گانے صرف اور صرف حب الوطنی کے چلیں گے ’’ ہم دیکھیں گے‘‘ ضرور ہو گا۔ فوراً 25 لاکھ کا حساب لیں اور خبردار سے تقریر شروع نہیں کرنی‘ پھر 6 جولائی کے صفحے پر لکھا تھا اگر گورنر راج لگائیں تو پورا صوبہ اور تمام شہر بند کرنے کی تیاری کی جائے‘ مکمل پہیہ جام ہونا چاہیے‘ کل سے اتنا پریشر بنا دینا ہے کہ عدالت کوئی نیگیٹو فیصلہ نہ کر سکے‘ ریلی چھوٹی نہیں ہونی چاہیے‘ اگلے صفحات پر درج تھا تگڑے وکیلوں کا ساتھ ہونا چاہیے‘ وکیلوں کے بندوبست کا فارمولا بھی لکھا تھا‘ سلمان اکرم راجہ کا ذکر بھی تھا۔ جاوید چودھری کے مطابق ریلی کے بارے میں کہا گیا تھا کہ یہ بڑی ہونی چاہیے‘ چھوٹی نہیں‘ تین جولائی کے صفحے پر درج تھا عدالت میں وکیلوں کو کیا کیا سوال اٹھانے چاہییں‘ ریلی کے بارے میں کہا گیا تھا یہ بڑی ہونی چاہیے‘ چھوٹی نہیں‘ تین جولائی کے صفحے پر درج تھا عدالت میں وکیلوں کو کیا کیا سوال اٹھانے چاہییں‘ عمران خان کو مخالف وکیلوں کے سوالوں کا کیا جواب دینا چاہیے‘ انھیں ججوں سے بھی کیا سلوک کرنا چاہیے؟ ایک جگہ لکھا تھا بندیال آگیا ہے‘ اس کے ساتھ ہی میاں نواز شریف سے متعلق ایک فقرہ لکھا تھا جس کا مفہوم تھا چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کے ہوتے ہوئے نواز شریف واپس نہیں آ سکے گا۔ چیف جسٹس کا نام جہاں بھی لکھا گیا صرف بندیال لکھا گیا اور طرز تحریر خاصا فرینک تھا‘ 30 جون کے صفحے پر خان صاحب کے لیے دعائیں لکھی تھیں‘ ان میں انقلاب کا ذکر بھی تھا اور ایک نیا نظام لانے کا عندیہ بھی‘ اگلے صفحات پر پیلے رنگ کی چھوٹی سی چٹ پھاڑ کر اس کی درزیں رکھی ہوئی تھیں‘ یہ کوئی اہم پیغام تھا جسے بعدازاں پھاڑ دیا گیا تھا مگر پھینکا نہیں گیا تھا‘ ایک صفحے پر لکھا تھا کپڑوں کا اسٹینڈ بوبی سے منگوانا ہے اور جاوید آفریدی کو جوسر مشین کا کہنا ہے‘ 8 اپریل کا صفحہ پھٹا ہوا تھا‘ یہ بھی جلدی میں پھاڑا گیا تھا۔ ایک صفحے کے کونے پر چھ بار اﷲ کا لفظ لکھا تھا‘ یہ غالباً تسبیح تھی‘ 17 جنوری کے صفحے پر سٹی بینک لاہور کا اکائونٹ‘ اس کا نمبر اور پن کوڈ درج تھا‘ چھ پاسپورٹس کے نمبرز اور ایکسپائری ڈیٹس بھی لکھی تھیں‘ پہلا پاسپورٹ 22 مارچ 2022 کو بنا تھا اور اس کی ایکسپائری ڈیٹ 21 مارچ 2027 تھی‘ 12 جنوری کے صفحے پر بینک الفلاح بلیو ایریا اور الائیڈ بینک کے اکائونٹس کا ذکر تھا‘ چیک بکس کا حوالہ بھی تھا‘ تین جنوری کے صفحے پر 6 دعائیں لکھی تھیں۔ جاوید چودھری مذکورہ سبز رنگ کی ڈائری کے مندرجات کے بارے مزید بتاتے ہیں کہ دو جنوری کے صفحے پر دوبارہ 117196 – 171196 اور 111790 کے تین کوڈ ورڈز درج تھے جب کہ یکم جنوری کا صفحہ بہت اہم تھا‘ اس پر خان کے روز کے معمول لکھے تھے‘ لکھا تھا بیڈ شیٹ اور خان کے تولیے روز دیکھنے ہیں‘ یہ دھلے ہوئے ہونے چاہئیں‘ کپڑوں کو رات کو جھاڑ پونچھ کر دیکھا جائے‘ اس کے نیچے روٹین کا گراف تھا جس میں لکھا تھا‘ نمبر ایک‘ قہوہ+شہد+جوس‘ نمبر دو: ایکسرسائز پھر H+K پھر گھنٹے بعد چائے‘ نمبر تین: پانی وٹامن سی تھری ، ایک کیلشیم‘ نمبر چار: کھانا : گوشت+کباب+مچھلی+سالاد کے پتے‘ وٹامن کی ٹیبلٹ ‘ نمبر پانچ: رات 12بجے دودھ‘ اسی کے نیچے لکھا تھا 7:30 کلنزینگ+وضو+ظہر+ورد‘ اس سے آگے چل کر ایک صفحے پر اسٹارٹ 10اگست لکھا تھا اور کور کے ساتھ لاء منسٹر/وزیر قانون‘ داخلہ‘ یاسمین راشد لکھا تھا۔ یہ پوری ڈائری دیکھنے کے لیے دو گھنٹے چاہئیں اور یہ منہ سے بہت کچھ بولتی ہے‘ یہ ڈائری ڈی آئی جی عمران کشور نے برآمد کی اور یہ اب سرکاری ریکارڈ کا حصہ ہے‘ ڈائری کی خبر 11اگست کو بریک کی گئی تو لوگوں نے چندسوال اٹھائے‘ پہلا سوال تھا کیا گارنٹی ہے یہ ڈائری واقعی بشریٰ بی بی کی ہے؟ اس کا جواب ہے ڈائری کی ہینڈ رائٹنگ بشریٰ بی بی کی ہینڈ رائیٹنگ سے میچ کر تی ہے‘ دوسرا سوال تھا کسی کی پرسنل ڈائری پڑھنا غیر اخلاقی فعل نہیں؟ اس کا جواب ہے ڈائری جب تک پرسنل رہے یہ اس وقت تک پرسنل ہوتی ہے لیکن جب یہ سرکاری ریکارڈ کا حصہ بن جائے تونوعیت بدل جاتی ہے‘ اس وقت بھی ہزاروں ڈائریاں لائبریریوں اور عجائب گھروں میں پڑی ہیں اور انھیں روزانہ ہزاروں لوگ پڑھتے ہیں حتیٰ کہ علامہ اقبال‘ قائداعظم اور فاطمہ جناح کی ڈائریاں بھی پڑھی جاتی ہیں‘ ایوب خان کی ڈائریوں پر کتابیں لکھی جا چکی ہیں جاوید چودھری لکھتے ہیں کہ بشریٰ بی بی کی یہ ڈائری بھی اب سرکاری ریکارڈ کا حصہ بن چکی ہے اور اسے اب تک درجنوں سرکاری اور غیر سرکاری لوگ پڑھ چکے ہیں ڈائری پڑھنے کے بعد تین آراء پیدا ہوتی ہیں‘ ایک‘ عمران خان مکمل طور پر بشریٰ بی بی کے زیر اثر ہیں‘ ان کے کھانے پینے اور دعائوں تک کا فیصلہ بی بی کرتی ہیں‘ عام حالات میں اس میں کوئی مضائقہ نہیں ہوتا‘ دنیا کے نوے فیصد خاوندوں کے فیصلے ان کی بیویاں کرتی ہیں لیکن جہاں ریاست اور سیاست کے امور آجاتے ہیں وہاں معاملہ بدل جاتا ہے‘ بشریٰ بی بی اگر سیاست دان ہوتیں یا ان کا کوئی انتظامی تجربہ ہوتا تو بھی یہ چیز قابل فہم تھی جب کہ یہ مکمل طور پر ہائوس وائف ہیں لہٰذایہ ریاست اور سیاست کا فیصلہ کیسے کر سکتی ہیں؟ دوسرا وزیراعظم کے ننانوے فیصد اقدامات آفیشل سیکرٹ ہوتے ہیں اور یہ انھیں خفیہ رکھنے کے پابند ہوتے ہیں‘ خان اگر سرکاری راز اپنی اہلیہ کے ساتھ ڈسکس کرتا رہا تو یہ ناقابل برداشت اور خوف ناک تھا‘ تیسرا ریاست ایک پریکٹیکل چیز ہوتی ہے‘ یہ موکلات‘ جنوں اور وظائف سے نہیں چلائی جا سکتی‘ صدقات‘ خیرات اور وظائف کی اسلام میں بہت اہمیت ہے لیکن اگر وزیراعظم جنرل باجوہ یا جنرل فیض حمید سے ملاقات سے پہلے‘ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے میٹنگ سے قبل اور چین کے صدر کے سامنے بیٹھنے سے پہلے کالا بکرا آمنے سامنے سے گزار کر اس کا گوشت چیلوں اور کوؤں کو کھلائے گایا اپنے بیڈروم میں ہڈیاں اور تعویز رکھنا شروع کر دے گا تو اس کا کیا مطلب لیا جائے گا؟ دوسرا اگر وزیراعظم ریاستی امور میں موکلات سے مشورہ شروع کر دیں یا وہ بیگم صاحبہ کے وظیفے اورمراقبے کے خاتمے کا انتظار کرنے لگیں تو پھر ہم اسے کیا کہیں گے؟ مجھے علیم خان نے بتایا تھا فیڈرل سیکریٹریز کا فیصلہ بھی بیگم صاحبہ تصویریں دیکھ کر کیا کرتی تھیں‘ انھیں ’’امیدواروں‘‘ کی تصویریں بھجوائی جاتی تھیں اور وہ تصویروں پر کچھ پڑھ کر فیصلہ کرتی تھیں اور وزیراعظم ان کے حکم کے مطابق آرڈر جاری کرا دیتے تھے۔ عثمان بزدار اور ان کے پرنسپل سیکریٹری طاہر خورشید کا فیصلہ بھی بیگم صاحبہ نے اپنی روحانی طاقتوں کے ذریعے کیا تھا‘ یہ فیصلہ ہو سکتا ہے وزیراعظم اور بیگم صاحبہ کے لیے مفید ثابت ہوا ہو لیکن بارہ کروڑ لوگوں کے صوبے اور 25 کروڑ عوام کے ملک نے اس کی کتنی قیمت ادا کی اب پوری دنیا جانتی ہے۔ یہ ڈائری یہ ثابت کرتی ہے یہ ملک ساڑھے تین سال عمران خان کی بجائے بشریٰ بی بی چلاتی رہیں یا پھر ان کے موکلات۔
