فنڈنگ کیس: درخواست گزار اکبر بابر کا اسکروٹنی کمیٹی پر عدم اعتماد

پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر نے الیکشن کمیشن کی اسکروٹنی کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔
انہوں نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی درست طریقے سے کام نہیں کر رہی تھی، کمیٹی ناکام ہوچکی ہے، جو اسکروٹنی ہو رہی ہے وہ بالکل شفاف نہیں، تمام ریکارڈ الیکشن کمیشن کے حوالے کیا جائے اور سب کے سامنے سماعت کی جائے۔
پی ٹی آئی کے ممنوعہ غیر ملکی فنڈز کےلیے اسکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں درخواست گزار اکبر ایس بابر نے اسکروٹنی کمیٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کےحوالے سے ہم نےدستاویزات ویب سائٹ سےحاصل کرکےکمیٹی کو دیں، اسکروٹنی کمیٹی نے یہ دستاویزات خود ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کرکے پی ٹی آئی کو بھی فراہم کیں، ہم نے اسکروٹنی کمیٹی سےکہا کہ آپ ان دستاویزات کوتسلیم کرتے ہیں یانہیں،آپ نے آج فیصلہ سنانا تھا، الیکشن کمیشن نےاسکروٹنی کمیٹی کو ذمہ داری دی تھی کہ دستاویزات کی تصدیق کریں یا تردید کریں۔ اکبر ایس بابر کے مطابق اسکروٹنی کمیٹی نےکہا ہم دستاویزات کی تصدیق سےمتعلق فیصلہ نہیں دیں گے،الیکشن کمیشن فیصلہ کریگا، اسکروٹنی کمیٹی کیا پی ٹی آئی کے جرائم پر پردہ ڈالنے بیٹھی ہے۔ اکبر ایس بابر کے مطابق پی ٹی آئی نےمیڈیا پر جھوٹ بولا کہ کمیٹی نےکہا ہے کہ وہ اپنی رپورٹ دے گی، کمیٹی نے کچھ نہیں بولا اور اجلاس سے اٹھ کر چلی گئی،کمیٹی نے کہا کہ آپ نے ہم پر عدم اعتماد کیا اس لیے ہم اٹھ کرجارہے ہیں،ہماری درخواست الیکشن کمیشن کے سامنے موجود ہےکہ الیکشن کمیشن ریکارڈ منگواکر فیصلہ کرے۔
