وزیر ثقافت عامر میر کا الحمرا میں فحش ڈانس کا سخت نوٹس

صوبائی وزیر ثقافت عامر میر نے لاہور کے معروف الحمرا ہال میں فحش ڈانس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈانسر اور پرڈیوسر پر پابندی عائد کر دی ہے، ڈانسر شمع رانا پر ڈرامہ "چاند کی چاندنی” کے دوران فحش ڈانس اور اشارے کرنے اور اداکارہ کہکشاں عرف پائل چوہدری پر ڈرامہ "نوکر ووہٹی دا” میں بیہودہ اشارے کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے، اسی طرح ان دونوں ڈراموں کے پروڈیوسرز وحید قادر اور محمد منشا پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔
دوسری جانب صوبائی وزیر ثقافت عامر میر نے کہا کہ اگر دوبارہ ایسی حرکت ہوئی تو ڈرامے پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی۔ الحمرا جیسے ثقافتی مرکز میں فحش ڈانس ہونا شرمناک حرکت ہے اور غفلت کا مظاہرہ کرنے پر الحمرا کے سربراہ کے خلاف بھی سخت ترین کاروائی کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ الحمرا انتظامیہ یقینی بنائے کہ دوبارہ ایسی بیہودہ حرکات نہ ہوں کیونکہ معاشرتی اور اخلاقی اقدار پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، مالی مفادات کے لئے فن اور فنکاروں کے امیج کو تباہ کیا جا رہا ہے جسے ہرگز برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
عامر میر نے کہا کہ فحش ڈانس کرنے اور کروانے والوں کے خلاف پرچے بھی کاٹے جائیں گے۔ انتظامیہ اور پولیس حکام کو اس سلسلے میں سخت کاروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی ایسے واقعات پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ ثقافت کے نام پر فحاشی پھیلانے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔
