آصف زرداری پر 22 جنوری کو فرد جرم عائد ہوگی

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اوران کی ہمشیرہ فریال تالپور پر 22 جنوری کو فردجرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ملزمان کو طلب کرلیا ہے.
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں پارک لین اور منی لانڈرنگ ریفرنسز پر سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سماعت کی۔
اس دوران آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور عدالت کے روبرو پیش ہوئیں جب کہ سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی جانب سے اپنے موکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی گئی۔فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری کا کراچی میں علاج جاری ہے، انہیں متعدد امراض لاحق ہیں، لہٰذا وہ پیش نہیں ہوسکتے۔
اس پر عدالت نے نیب کے تفتیشی افسر سے کیس زین ملک کا معاملہ کہاں تک پہنچا؟ جس پر عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ زین ملک کا کیس مجاز اتھارٹی کے پاس زیر التوا ہے، تاہم آئندہ سماعت تک مذکورہ معاملہ کلیئر کردیں گے۔
ساتھ ہی نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ ضمنی ریفرنس میں 9 نئے ملزمان کو شامل کیا ہے جب کہ 5 ملزمان کا نام فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر زین ملک سے متعلق پیش رفت رپورٹ سے آگاہ کیا جائے، ساتھ ہی یہ کہا گیا کہ پارک لین ضمنی ریفرنس میں آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی اس لیے تمام ملزمان حاضری یقینی بنائیں۔
دریں اثنا عدالت نے میگا منی لانڈرنگ ضمنی ریفرنس میں آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی، زین ملک، نمر مجید اور یونس قدوائی سمیت دیگر ملزمان کو نوٹس جاری کردیے۔
جس کے بعد عدالت نے پارک لین اور میگا منی لانڈرنگ ضمنی ریفرنسز کی سماعت 22 جنوری تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ آصف علی زرداری، ان کی بہن فریال تالپور اور دیگر افراد جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے کرپشن اور پارک لین پرائیویٹ لمیٹڈ اور پارتھینن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے لیے مالی معاونت میں غبن کے الزامات کا سامنا کررہے ہیں۔
نیب کی جانب سے الزام لگایا گیا ہے کہ ان بے ضابطگیوں کی وجہ سے 3 ارب 77 کروڑ روپے کے قومی خزانے کو نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس 2015 کے جعلی اکاؤنٹس اور فرضی لین دین کے مقدمے کے حوالے سے ہے، جس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری، ان کی بہن فریال تالپور اور ان کے کاروباری شراکت داروں سے تحقیقات کی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button