اداکارہ ایمان علی کا ملک چھوڑنے کا فیصلہ

پاکستان کے حالات سے تنگ اداکارہ ایمان علی نے ملکی حالات سے دلبرداشتہ ہو کر پاکستان چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے، اداکارہ کے مطابق طاقت ور لوگوں نے عوام کا جو حال کر دیا ہے وہ اس قابل نہیں تھے، بس بہت ہو گیا! پاکستان چھوڑ کر جانے کا سوچ رہی ہوں۔

ایمان علی نے سما ٹی وی کے مزاحیہ شو ’’حد کر دی‘‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان مومن ثاقب کے سوالوں کا مزاح و چلبلے انداز میں جواب دیا۔انہوں نے کہا کہ وہ ماضی میں شیف بننا چاہتی تھی اور انہیں کھانا بنانے کا شوق ہے اس لیے وہ نئی ڈشز بناتی رہتی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ میں نے 11 سال کی عمر میں پہلی ڈش بلوچی کڑاہی بنائی تھی۔

اداکارہ نے کہا کہ میں فالتو لوگوں کی تعریف نہیں کرسکتی، مارننگ شو میں فالتو لوگوں کی تعریف کرنی پڑتی ہے۔کبھی مارننگ شو کی میزبان نہیں بننا چاہتی، مارننگ شو میں کسی کو بھی بلا لیتے ہیں اور بیٹھ کر فالتو لوگوں کی تعریفیں کرتے ہیں۔

مومن نے سوال کیا کہ ملک کی معیشت کب ٹھیک ہوگی؟ جس پر ایمان علی نے جواب دیا کہ تبھی میں پاکستان چھوڑ کر جانے کا سوچ رہی ہوں، بس بہت ہوگیا! انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میرے شوہر کینیڈین ہیں ، تو جہاں میرے وہ، وہاں میں۔

ایمان علی نے مزید کہا کہ میرے انٹرویوز کی فضول باتیں وائرل ہوجاتی ہیں اور اہم باتیں رہ جاتی ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا سے مجھے اس لئے چڑ ہے کیونکہ وہاں پر لوگ بدتمیزی کرتے ہیں، ہمیں خود سستے لوگ بن کر تصویریں بنانی پڑتی ہیں،اس طرح اسٹار والی فیلنگ بھی نہیں آتی، کم ازکم کوئی کیمرا لے کر پیچھے تو آئے۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر کی جانے والی تنقید کا کوئی جواب نہیں دیتیں، میں کسی کو منہ ہیں نہیں لگاتی ہاں پر ذلیل کرتی ہوں، اگر کسی ایک انسان سے ملنے کا موقع ملے تو میں قائد اعظم سے ملنا چاہوں گی، اور ان سے پوچھوں گی کہ آپ کو ملک کے حالات دیکھ کر کیسا لگ رہا ہے؟ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ ہم نے کوئی غلطی کی ہے؟ ملک کے لوگوں کا جو حال کردیا گیا ہے وہ اس قابل نہیں تھے۔ایمان علی نے بتایا کہ مجھے کرکٹ بے حد پسند ہے اور شاہد آفریدی پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔

Back to top button