اداکارہ سارہ خان پاکستان کیوں چھوڑنے والی ہیں؟

ٹی وی انڈسٹری کی مقبول ترین اداکارہ سارہ خان کا کہنا ہے کہ اگر لاہور سیالکوٹ موٹروے گینگ ریپ سانحے کے مجرموں کو سخت سے سخت سزا نہیں ملی تو میں پاکستان چھوڑ کر کسی دوسرے ملک شفٹ ہوجاؤں گی۔
واضح رہے کہ گوجرانوالہ کی رہائشی اور فرانس کی دوہری شہریت رکھنے والی ایک پاکستانی خاتون کے ساتھ گزشتہ دنوں سیالکوٹ لاہور موٹروے پر دو جرائم پیشہ افراد نے ان کے تین بچوں کی موجودگی میں گینگ ریپ کر دیا تھا۔ خاتون کی کار کا لاہور موٹر وے پر پیٹرول ختم ہوگیا اور اس دوران ملزمان نے کار کے شیشے توڑ کر انہیں گن پوائنٹ پر کھیتوں میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس واقعے میں ملوث ایک ملزام شفقت گرفتار ہوچکا لیکن مرکزی ملزم عابد ملہی تاحال گرفتار نہیں ہوسکا۔
دیگر تمام مکاتب فکر کی طرح فنکار برادری بھی موٹروے واقعے پر نوحہ کناں ہے۔ سوشل میڈیا پیغامات کے ساتھ ساتھ فنکاروں نے عمل تو طور پر اس اندوہناک سانحے کی بھرپور مذمت کی ہے۔ گزشتہ دنوں کراچی پریس کلب کے باہر اداکارہ ماہرہ خان، سارہ خان، علی رحمٰن خان، عائشہ عمر، یاسر حسین، اعجاز اسلم، ثروت گیلانی، وجاہت رؤف اور دیگر کئی مشہور شوبز شخصیات نے ملک بھر میں خواتین اور بچوں کے ساتھ ہونے والے جنسی ہراسانی اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتی کے خلاف آواز بلند کی۔ سارہ خان تو اس واقعے پر اس قدر رنجیدہ ہیں کہ مجرموں کو سزا نہ ملنے کی صورت میں پاکستان چھوڑنے تک کا اعلان کردیا ہے۔ سارہ کہتی ہیں کہ میرے ساتھ ہمیشہ میرے دو گارڈز ہوتے ہیں لیکن میں چاہتی ہوں ہم ایک ایسی سوسائٹی میں رہیں جہاں عورتوں کو اس سب کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں خواتین تو کیا بچے بھی محفوظ نہیں ہیں، عمران خان کو موٹر وے واقعے کے بعد مجرموں کےلیے سخت سزائیں تجویز کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں عورتوں کو سکھانے کے بجائے مردوں کو سکھانا چاہئے کہ عورتوں کی عزت کیسے کی جائے۔
خیال رہے کہ ٹی وی آرٹسٹ علی آغا کی سابق منگیتر سارا خان نے حال ہی میں گلوکار فلک شبیر سے شادی کی ہے۔ اس سے قبل علی آغا نے بھی اچانک ساتھی اداکارہ حنا الطاف سے شادی کی تھی۔ ان دنوں سارہ خان کی ڈرامہ سیریل ثبات ہم ٹی وی پر آن ایئر ہے۔ سارہ کو شوبز انڈسٹری میں انتہائی حساس اور درد دل رکھنے والی آرٹسٹ کے طور پر جانا جاتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button