’’اداکارہ عائشہ خان کا پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت کا اعتراف‘‘

بھارتی ماڈل و اداکارہ عائشہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی ڈراموں کو بھارت میں کافی پسند کیا جاتا ہے، پاکستانی ڈرامے بھارت میں زیادہ دیکھے جاتے ہیں، عائشہ خان اب تک متعدد بھارتی ڈراموں اور متنازع ریئلٹی شو بگ باس میں بھی شرکت کر چکی ہیں۔حال ہی میں عائشہ خان نے ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستانی اداکاروں اور یہاں کے ڈراموں پر کھل کر بات کی، انہوں نے اقرا عزیز کو اپنی پسندیدہ اداکارہ قرار دیتے ہوئے ان کی خوبصورتی کی بھی تعریفیں کیں اور کہا کہ وہ انہیں بہت پسند ہیں۔ بھارتی اداکارہ نے اقرا عزیز سے اظہار محبت کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت پیاری ہے اور اگر انہیں ان کے ساتھ کسی طرح کے بھی کام کرنے کا موقع ملا تو وہ ضرور کریں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے اداکارہ نادیہ افگن کی بھی تعریفیں کیں اور برملا اظہار کیا کہ وہ پاکستانی ڈراموں میں کام کریں گی۔میزبان نے جب انہیں یاد دلایا کہ ایک تو وہ مسلمان ہیں اور دوسرا وہ پاکستانی ڈراموں میں کام کرنا چاہتی ہیں تو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ان کے گھر آ جائیں گے؟ اس پر عائشہ خان نے کہا کہ کوئی بات نہیں، وہ صرف ڈراموں میں کام کرنے کی ہی بات تو کر رہی ہیں۔ اسی دوران عائشہ خان نے کہا کہ پاکستانی ڈراموں کا مواد بہت اچھا ہے، ان کے ڈرامے اتنے اپنے ملک میں نہیں دیکھے جاتے، جتنے ان کے ڈرامے بھارت میں دیکھے جاتے ہیں۔ عائشہ خان سے قبل بھی متعدد بھارتی اداکارائیں اور اداکار پاکستانی ڈراموں کی تعریفیں کر چکے ہیں اور وہ پاکستانی ڈراموں میں کام کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کر چکے ہیں۔آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر پاکستانی ڈراموں نے آن لائن وئیورشپ کے ریکارڈ قائم کر رکھے ہیں، پاکستانی ڈرامے ’’تیرے بن‘‘ کو 24 گھنٹوں میں 16 ملین ویوز مل چکے ہیں، ڈرامہ جھوم اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، یوٹیوب پر ڈرامہ سیریل جھوم کو 11 ملین ویوز ملے ہیں۔ ’’احرام جنون‘‘ 8 ملین ویوز کے ساتھ تیسرا سب سے زیادہ دیکھے جانے والا ڈرامہ بن گیا۔ڈرامہ سیریل ’’مجھے پیار ہوا تھا‘‘ کو 6.3 ملین ویوز ملے، ڈرامے کی کہانی ماہیر، سعد اور اریب کے گرد گھومتی ہے۔

Back to top button