پی آئی اےکی ملکیت باضابطہ طورپر نئےمالکان کو منتقل کردی گئی

پی آئی اے کی نجکاری کا عمل کامیابی سے مکمل،عارف حبیب کنسورشیم کے ضمنی ادارے پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نےانتظام سنبھال لیا۔
پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے 180 ارب روپے میں ملکیت حاصل کی۔جس میں 55 ارب حکومت پاکستان کو حاصل ہوں گے جبکہ 125 ارب کی پی آئی اے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔
نئی سرمایہ کاری،آپریشنل اصلاحات، بیڑے کی جدت، نئے روٹس کے آغاز، ادارے کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے،پراڈکٹ کے معیار کو بہتر بنانے پر خرچ ہوگی۔
چیئرمین پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے کہا ہے کہ آج نئی انتظامیہ ذمہ داریاں سنبھال رہی ہے تو ہم بخوبی ادراک رکھتے ہیں کہ قوم کا اعتماد محض دستاویزات کی منتقلی سے حاصل نہیں ہوگا۔ یہ اعتماد ہر میل، ہر مسکراہٹ اور ہر سال کے ساتھ حاصل کیا جائے گا، ہمیں اس حقیقت کا مکمل ادراک ہے اور ہم اس ذمہ داری کو قبول کرتے ہیں۔
چیئرمین پی آئی اے نے کہا کہ ملکیت ضرور تبدیل ہوئی ہے لیکن پاکستان کی خدمت کا ہمارا جذبہ پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے۔ہم پی آئی اے کے درخشاں ورثے کا احترام کرتے ہوئے اسے ایک جدید عالمی معیار کی ائیرلائن بنائیں گے ۔
