کسانوں کی آسان زرعی قرضوں تک رسائی کوبہتر بنایا جائے،وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف کاکہناہے کہ زرخیز زرعی قرض پروگرام کے حوالے سے ملک بھر میں آگاہی مہم چلائی جائے تاکہ کسانوں کی آسان زرعی قرضوں تک رسائی کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی تنظیم نو اور زرعی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ زرعی شعبے میں ایک اعلیٰ سطحی فورم قائم کیا جائے، جو زرعی جدت اور ترقیاتی منصوبے پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے ہر ماہ اجلاس منعقد کرے۔ صوبوں سے مشاورت کے ساتھ جلد از جلد ایک جامع قومی زرعی پالیسی مرتب کی جائے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کو زرعی تحقیق کا حقیقی مرکز بنایا جائے۔ زرعی شعبہ پاکستان کو پائیدار معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بہتر بیج، جدید زرعی ٹیکنالوجی اور پانی و کھاد کی بروقت اور مناسب فراہمی سے فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ ممکن ہے۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ زرعی اجناس کی ویلیو ایڈیشن، بہتر گوداموں اور جدید ذخیرہ اندوزی کے نظام پر خصوصی توجہ دی جائے۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو زرعی شعبے میں اصلاحات سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔

 

Back to top button