اداکارہ ماہرہ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ’’شیڈوبین‘‘ کیوں ہوگیا

معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کے انسٹا گرام اکائونٹ کو فلسطین کے حق میں بات کرنے پر ’’شیڈوبین‘‘(shadow banned) کر دیا گیا ہے، اب تک انسٹاگرام پر کئی اکاؤنٹس کو “شیڈوبین” کیا گیا ہے جن میں اب معروف اداکارہ ماہرہ خان بھی شامل ہوگئی ہیں، اگر کسی اکاؤنٹ کو شیڈوبین کیا جاتا ہے تو اُس صارف کی پوسٹ اُس کے فالوورز کی انسٹاگرام فیڈز کے اوپر نظر نہیں آتی جبکہ وہ اکاؤنٹ سرچ لِسٹ میں بھی نہیں آتا۔ماہرہ خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کی سٹوری میں طنزیہ انداز میں کہا کہ ‘زبردست! میرا انسٹا شیڈوبین ہوگیا، اداکارہ اس پابندی کے باوجود بھی فلسطین کی حمایت سے پیچھے نہ ہٹیں اور اُنہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری فلسطین کا جھنڈے والا ایموجی بھی پوسٹ کر دیا۔یاد رہے کہ ماہرہ خان نے انسٹاگرام پر غزہ کے معصوم بچوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پوسٹ شیئر کی تھی جس کی وجہ سے اُن کا اکاؤنٹ شیڈوبین کیا گیا۔واضح رہے کہ غزہ کے الاحلی ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں معصوم فلسطینیوں کی شہادت کے بعد دنیا بھر میں شدید غم و غصہ ہے اور صیہونی فوج کے بھیانک و انسانیت سوز جنگی جرم کی شدید مذمت کی جا رہی ہے، غزہ میں اسرائیلی فورسز کی بدترین اور وحشیانہ کارروائیوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 3700 تک پہنچ گئی ہے، جن میں ایک ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔ماہرہ خان نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر ایک پیغام جاری کیا جس میں اُنہوں نے کہا کہ ‘میں ان تمام لوگوں کے لیے دُعاگو ہوں، جنہوں نے اپنے معصوم بچوں اور اپنے اہلخانہ کو کھو دیا ہے، جو بے گھر ہوگئے ہیں، جو ہر لمحہ تکلیف میں گزار رہے ہیں، میں اُن لوگوں کے لیے بھی دُعاگو ہوں جو اپنے اردگرد کے مصائب کے بارے میں لاعلم ہیں اور غلط معلومات پر یقین رکھتے ہیں۔اس ٹوئٹ کے بعد ماہرہ خان شدید تنقید کی زد میں آگئی ہیں کیونکہ اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں سفاک اسرائیل کا نام نہیں لیا اور نہ ہی مظلوم فلسطین کا نام لیکر دُعا کی، ماہرہ خان کے ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے ایک صارف نے کہا کہ ‘ماہرہ اپنے مستقبل کے ہالی ووڈ معاہدے کو خطرے میں نہیں ڈال سکتیں، اسی لیے انہوں نے اسرائیل کا نام نہیں لیا، صارف نے ماہرہ خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجبوریاں ہوتی ہیں‘‘۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے
ماہرہ خان نے اسرائیل کی جانب سے فلسطین کیخلاف جارحیت کے حوالے سے مداحوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مصری کامیڈین باسم یوسف اور برطانوی اینکر پیئرز مورگن کا انٹرویو دیکھیں جس میں اسرائیل کے جارحانہ اقدامات پر طنزیہ گفتگو کی گئی ہے۔انٹرویو کے دوران اسرائیل فلسطین جنگ کے بارے میں طنزیہ انداز میں گفتگو کرنے پر باسم یوسف کی تعریف کی جا رہی ہے، ماہرہ خان نے بھی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس انٹرویو کو شیئر کیاتھا، اس انٹرویو کو یوٹیوب پر اب تک 4 ملین سے زیادہ افراد دیکھ چکے ہیں، سوشل میڈیا پر اسے مسلسل خوب پذیرائی مل رہی ہے۔
