اداکار سلیم معراج کو زیادہ تر منفی کردار کیوں ملتے ہیں؟

اداکار سلیم معراج نے انکشاف کیا ہے کہ ڈرامہ انڈسٹری میں ان کو زیادہ تر منفی کردار ہی آفر کیے جاتے ہیں، لیکن ان کو بُرے کردار ادا کر کے مزہ آتا ہے، اداکارائوں کی محبت کے سوال کے جواب پر کہا کہ انہیں ہمیشہ بڑے اور امیر لوگوں سے ہی محبت ہوتی ہے، اداکارائوں کو کبھی کسی غریب شخص سے محبت نہیں ہوئی۔سلیم معراج نے حال ہی میں کامیڈی شو ’’مذاق رات‘‘ میں شرکت کے موقع پر بتایا کہ انھوں نے کیرئیر میں کرداروں کے انتخاب میں غلطیاں بھی کیں لیکن ان غلطیوں سے سبق سیکھا، وہ وہی کردار ادا کرتے ہیں جو انہیں اچھا لگتا ہے، ان کے لیے سب سے اہم بات سکرپٹ کا بہتر اور کردار کا مضبوط ہونا ہوتا ہے، انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہدایت کار کون ہے۔سلیم معراج کے مطابق وہ جس کردار سے مطمئن ہوتے ہیں، اسے ہی ادا کرتے ہیں پھر چاہے اس کردار کو لوگ ناپسند ہی کیوں نہ کریں، کرداروں کے انتخاب کے دوران ان سے بہت غلطیاں بھی ہوئیں اور غلطیوں سے ہی ہر کوئی سبق سیکھتا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ انہیں زیادہ تر منفی کرداروں کی ہی پیش کش ہوتی ہے جبکہ وہ خود بھی برے کردار مزے سے کرتے ہیں، تقریبا ڈیڑھ دہائی قبل انہوں نے ’کاش میں تیری بیٹی نہ ہوتی‘ نامی ڈرامے میں دادا کا کردار ادا کیا تھا حالانکہ تب وہ کافی کم عمر تھے لیکن ان کے منفی کرداروں کو کافی سراہا گیا، سلیم معراج کے مطابق تھیٹر کرنے والا اداکار منجھا ہوا ہوتا ہے، اس میں اعتماد آ جاتا ہے اور وہ ہر کردار ادا کر سکتا ہے، اُن کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا بالکل مختلف چیز ہے، سوشل میڈیا مشہور ہونے کا اچھا پلیٹ فارم ہے اور وہ سوشل میڈیا پر کام کرنے والے تمام افراد کی قدر کرتے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ انہیں اداکاری نہیں آتی، سلیم معراج کے مطابق جس طرح سوشل میڈیا سٹارز کو اداکاری نہیں آتی، اسی طرح وہ سوشل میڈیا کو اچھی طرح استعمال نہیں کر پائیں گے، انڈسٹری میں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو 20 سال سے کام کر رہے ہیں لیکن انہیں کام نہیں آتا اور وہ مشہور بھی ہیں جبکہ انہیں اس بات کی کوئی پرواہ ہی نہیں کہ انہیں کام نہیں آتا، سلیم معراج نے انکشاف کیا کہ جب وہ جوان تھے تو انہیں کسی سے محبت نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی ان پر فدا تھا کیوںکہ اس وقت وہ نام اور کیریئر بنانے میں مصروف تھے، بڑی اور مشہور اداکاراؤں کو کبھی کسی غریب سے محبت نہیں ہوئی، ایسی اداکاراؤں نے جب بھی محبت کی ہے تو انہوں نے بڑے اور امیر شخص سے محبت کی، کسی غریب یا کیریئر بنانے کی کوشش کرنیوالے سے نہیں کی۔

Back to top button